راجوری//محکمہ صحت نے ایک بار پھر سے ڈاکٹروں کو اس بات کا سخت انتباہ جاری کیاہے کہ وہ یاتو مریضوںکو سرکاری ادویات لینے کا مشورہ دیںیاپھر کارروائی کیلئے تیار ہوجائیں ۔چیف میڈیکل افسر راجوری نے اپنے ایک سرکولر میں بتایاہے کہ مختلف ذرائع سے شکایات ملی ہیں کہ ضلع ہسپتال راجوری میں تعینات ڈاکٹر مریضوں کو باہر سے دوائیاں خریدنے کامشورہ دیتے ہیں جبکہ یہی ادویات جموں و کشمیر میڈیکل سپلائز کارپوریشن کی طرف سے مہیا کی جاتی ہیں ۔اپنے سرکولر میں انہوںنے کہاہے کہ تمام ڈاکٹروںکو اس بات کی ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ مریضوں کو وہی ادویات لکھیں جوجموںو کشمیر میڈیکل سپلائز کارپوریشن سے دستیاب ہوسکیں ۔ سرکولر میں انتباہ دیاگیاہے کہ اگر ان ہدایات پر عمل نہیں ہواتو ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کچھ ماہ قبل بھی محکمہ صحت راجوری کی طرف سے اسی طرح کا سرکولر جاری کیاگیاتھالیکن اس پر تو عمل ہو انہیں اور ایک نیا سرکولر جاری کردیاگیاہے ۔