سرینگر//وزیر سیاحت تصدق مفتی نے ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران دُنیا بھر کے سیاحوں کو یہاں کی طرف راغب کرنے کے لئے محکمہ سیاحت کی طرف سے پبلسٹی سرگرمیوں کی تیاریوں کے سلسلے کی جارہی تیاریوں کاجائزہ لیا۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ محکمہ سیاحت سیاحوں کو راغب کرنے اورپبلسٹی ومارکیٹنگ کے لئے کئی تجاویز پر غور کررہا ہے۔ٹیولپ فیسٹول اوربادام واری کو کھولنے کے لئے وزیر موصوف کو بتایا گیا کہ محکمہ نے اس سلسلے میں پھولبانی محکمے کے ساتھ رابطہ قائم کیا ہے اور اس سلسلے میں عنقریب میں تاریخوں کااعلان کیا جائے گا۔وزیر موصوف کو بتایا گیا کہ سیاحوں کی کشش کے لئے کئی پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے جب کہ عالمی سطح پر سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے پبلسٹی حکمت عملی کو اپنانے کے علاوہ ویب سائٹ اورسوشل میڈیا کو بھی استعمال کیا جائے گا۔تصدق مفتی نے محکمہ پر ویب سائٹوں اور دیگر اشتہاری ذرائع کو مزید فعال بنانے پر زوردیا تاکہ عام لوگوں اورسیاحوں کو یہاں سیاحتی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری مل سکے۔انہوںنے اس سلسلے میں مختلف محکموں کے درمیان تال میل پر بھی زوردیا۔میٹنگ میں ناظم سیاحت کشمیر محمود شاہ،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم ریاض بیگ،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم پیرزادہ ظہور کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔