سرینگر// ریاست میںسیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے محکمہ سیاحت بیرون ریاستی میڈیا کیلئے21جون سے دورہ کشمیر وکرگل کا اہتمام کر رہی ہے جبکہ اسی دوران کرگل سیاحتی میلے کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ کرگل کو سیاحتی اعتبار سے تشہیر حاصل ہو۔ کرگل میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے حکومت نے بڑے پیمانے پر تگ دو شروع کی ہے،جبکہ پہلے مرحلے میں غیر ریاستی میڈیا کو مدعو کیا جا رہا ہے۔ کرگل دورہ کے دوران ناظم سیاحت محمود شاہ نے کرگل سیاحتی استقبالیہ مرکز میں ہوٹل مالکان اور ٹراول ایجنٹوں سے ملاقات کی،جس کے دوران انہوں نے بتایا کہ محکمہ سیاحت 21جون سے27جون تک غیر ریاستی میڈیا نمائندوں کو مدعو کر رہی ہے تاکہ وہ کشمیر اور کرگل کے بارے میں مثبت انداز میں تشہیر کرے،تاکہ بیرون ریاستوں میں لوگوں کو کشمیر کی خوبصورتی اور دلفریب مناظر کے بارے میں صحیح معلومات حاصل ہو۔ انہو ں نے کہا کہ فی الوقت کرگل سیاحوں کیلئے صرف ایک نقطہ آرم گاہ ہے،جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو زیادہ فائدہ نہیں ہو پا رہا ہے۔انہوں نے کہا’’ہم چاہتے ہیں کہ سیاح کرگل میں بھی ٹھہرے اور کچھ دن یہاں بھی گزارے،اور اس کیلئے ہم کرگل کے غیر متعارف جگہوں کو فروغ دینگے‘‘۔ ڈائریکٹر ٹوارزم نے کہا کہ محکمہ کرگل کو مہم جوئی سیاحتی سرگرمیوں کیلئے فروغ دئے گا،اور اس کیلئے جامع کھیل سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا،اور ملک بھر سے لوگ اس میں شمولیت کرینگے۔