سرینگر //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے محکمہ دیہی ترقی کو دیہات میں تمام آبی وسائل بشمول ندیوں ، تالابوں اورکنوو¿ں کے تحفظ ، صفائی اور بحالی کیلئے کہا ۔ انہوں نے محکمہ کو دیہی ترقی کے معمول کے کاموں کے علاوہ دیہی ماحولیات کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ۔ محکمہ دیہی ترقی کے 159 املاک کا افتتاح کرنے کے بعد یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے دیہی املاک اور ماحولیات کی بحالی کی ضرورت پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دیہات کبھی پینے کے صاف پانی کا ذریعہ سمجھے جاتے تھے لیکن اب بڑھتی آلودگی کے سبب یہ آبی وسائل زوال پذیر ہو رہے ہیں ۔ محبوبہ مفتی نے محکمہ کے حکام کو دیہی ماحولیات کے بحالی کی کوششوں کو مقامی عوامی نمائیندگان کی مشاورت سے ایک مشن کے تحت ہاتھ میں لینے کیلئے کہا ۔ انہوں نے محکمہ کو ایم جی نریگا جیسی سکیموں کو کامیابی کے ساتھ لاگو کر کے معیاری املاک قایم کرنے کیلئے کافی سراہا ۔ انہوں نے ان املاک کی معقول دیکھ ریکھ پر زور دیا تا کہ آنے والی نسلیں بھی ان سے مستفید ہو سکیں ۔ محبوبہ مفتی نے محکمہ دیہی ترقی کو عوام کے ساتھ قریبی طور وابستہ محکمہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو لوگوں کو تمام خدمات بحال رکھنے کیلئے لگن اور دیانتداری سے کام کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے افسران ریاست کے دیہی منظر میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے کافی کچھ کر رہا ہے تا ہم رشوت ستانی ، ناقص کارکردگی یا غیر معیاری کاموں کی شکائتوں سے محکمہ کی شبہیہ داغدار ہو جاتی ہے ۔ رشوت ستانی کو ایک لعنت قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ رشوت خوروں کا کبھی بھلا نہیں ہوا ہے بلکہ انہیں آخر کار مصیبتوں کا ہی سامنا کرنا پڑا ہے ۔ اس کے برعکس تندہی ، دیانت اور محنت سے کام کرنے والے نہ صرف متعلقہ لوگوں کو خوش رکھتے ہیں بلکہ اللہ کی رضا مندی بھی حاصل کرتے ہیں ۔ وزیر برائے دیہی ترقی عبدالحق خان نے اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ کی سرگرمیوں کا ایک خاکہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایم جی نریگا دیہی سماج میں کافی مقبول ہے کیونکہ اس پروگرام کے تحت دیہاتوں میں پائیدار اور معیاری املاک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے پروگراموں میں خواتین کی شمولیت بڑھ گئی ہے بالخصوص حکومت کی طرف سے شروع کی گئی فلاحی سکیموں کی عمل آوری میں خواتین پیش پیش رہتی ہیں ۔ کمشنر سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی نے بھی اس موقعہ پر اپنے خٰالات کا اظہار کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر 30.85 کروڑ روپے کی مالیت کے 159 املاک کا افتتاح کیا جن میں پنچائت گھر ، کامن فیسلٹی سنٹر ، کلورٹ ، پُل ، سڑکیں ، فُٹ پاتھ ، تالاب ، پارکیں ، بیت الخلاءوغیرہ شامل ہیں ۔ انہوں نے اننت ناگ میں آج افتتاح کئے گئے املاک میں 21 املاک اننت ناگ ، 12 گاندر بل ، 26 بارہمولہ ، 12 پلوامہ ، 5 شوپیاں ، 4 کلگام ، 30 کپواڑہ ، 8 بانڈی پورہ ، 21 بڈگام ، 7لہیہ اور 13 کرگل اضلاع میں قایم کئے گئے ہیں ۔