جموں//محکمہ دیہی ترقی نے ریاست میں دیہات کو پالتھین سے پاک بنانے کے لئے ریاست میں پالتھین پر پابندی کے احکامات کو مؤثر طور عملانے کے لئے باضابطہ مہم کا آغاز کیا ہے ۔اس سلسلے میں جموں میں بیداری کیمپ کا بھی انعقاد کیا جس میں کافی تعداد میں عام لوگوں اور طلباء نے شرکت کی۔ناظم دیہی ترقی جموں آر کے بھٹ نے ہائیر سکینڈری سکول بھلوال سے اس مہم کا آغاز کیا جس میں شرکأ نے پالتھین کو استعمال نہ کرنے کا رسمی طور حلف لیا۔محکمہ نے پالتھین کے مضر اثرات کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے طلباء اور شرکأ میں پٹسن کی تھیلیاں تقسیم کیں۔ریاست بھر میں پنچایتوں اور بلاک سطح پر بھی اسی طرح کے پروگرام منعقد کئے گئے۔ڈائریکٹر آر ڈی ڈی غضنفر حسین اور ڈائریکٹر رورل سنٹیشن ایم ایم رحمان اور دیگر افسروں نے شیخ پورہ بڈگام سے اس مہم کا آغاز کیا اور سیکرٹری آر ڈی ڈی نرمل شرما نے کٹھوعہ ، سانبہ اور جموں ضلعوں میں بھی پالتھین مخالف مہم کی شروعات کی ۔ اس موعقہ پر کافی تعداد میں سکولی بچے بھی موجود تھے۔علاوہ ازیںدیہی ترقی کے وزیر کے عبدالحق خان نے آج گاندربل ضلع کے ناگہ بل ، منیگام ، کنگن اور مامر دیہات میں استعمال شدہ پالتھین کو جمع کرنے کے لئے ضلع کے کئی ملازمین اور سکولی بچوں کے ساتھ شرکت کر کے اس مہم کا رسمی طور آغاز کیا۔ وزیر نے کنگن میں اس سلسلے میں سکولی بچوں کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر وزیر موصوف نے کہا کہ محکمہ پہلے ہفتے کے دوران استعمال کے بعد ضائع کئے گئے پالتھین کو جمع کرنے کے لئے ایم جی نریگا کے تحت افرادی قوت کو متحرک کر ے گااور بعد میں اس پالتھین کو موزون طریقے پر ضائع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے بعد دیہات میں پالتھین کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔ اُنہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں بلاک ڈیولپمنٹ افسروں کو مکمل اختیارات دئیے گئے ہیں۔وزیر نے کہا کہ پالتھین کے استعمال پر پابندی کو لاگو کرنے میں کوتاہی کے لئے افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔وزیر نے افسران سے تلقین کی کہ وہ اپنے علاقوں کو پالتھین سے پاک بنانے کے لئے ہردن ایک گھنٹہ اسی مقصد کے لئے وقف کریں۔عبدالحق خان نے کہاکہ وہ پالتھین مخالف پر بذات خود نظر گزر رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی مؤثر منصوبہ بندی ، ریاست کو پالتھین سے پاک کرانا اور آبی ذخائر کو تحفظ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیر نے پنچایت ممبروں سے کہا کہ وہ لوگوں کو نچلی سطح پر کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے اور پالتھین کے مضر اثرات سے باخبر کرانے کے لئے بیداری پیدا کریں۔ اُنہوں نے زیادہ سے زیادہ تعداد میں پودے لگانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پالتھین کے متواتر استعمال سے ماحولیاتی توازن بُر ی طرح متاثر رہا ہے۔عبدالحق خان نے کہا کہ طلاب اس بدعت سے چھٹکارا دلانے میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔