سرینگر//محکمہ دیہی ترقی کے اے این پی (ایپلائڈ نیوٹریشن )نے خواتین کے لئے بیداری کیمپوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کپوارہ کے رامحال اور کولگام بلاکوں میں ایک ایک روزہ کیمپ منعقد کئے ۔ ان کیمپوں میں مہمان خصوصی سٹیٹ نیوٹریشن افسر طفیل احمد راٹھور مہمان خصوصی تھے جبکہ پروگراموں کی صدارت بلاک ڈیولپمنٹ افسران نے کی ۔ ان بیداری پراگرموں میں محکمہ دیہی ترقی ، محکمہ صحت اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران نے بھی شرکت کی ۔کیمپوں میں سینکڑوں کی تعداد میں خواتین شریک ہوئیں جنہیں محکمہ کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔ اس موقعہ پر مقررین نے خواتین پر زور دیاکہ وہ اپنی صحت پر خاص توجہ دیں اور ساتھ ہی انہیںمحکمہ کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں کی جانکاری بھی فراہم کی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ ایک صحت مند خاتون صحت مند بچے کو جنم دیتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ خواتین خاص کر حاملہ خواتین کی صحت پر خصوصی توجہ دی جائے اور انہیں دوائیاں کھلانے کے بجائے مقوی غذا کھلائی جائے ۔انہوںنے خواتین کی بااختیاری پر زور دیتے ہوئے کہاکہ سماج تبھی ترقی کرسکتاہے جب خواتین خود کفیل ہوںگی ۔اپنے خطاب میں سٹیٹ نیوٹریشن افسر طفیل احمد راٹھور نے کہاکہ حکومت خواتین کی بااختیاری اور ان کی صحت پر خاص توجہ دے رہی ہے اور اسی غرض سے کئی سکیمیں چلائی جارہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ خاص کر حاملہ خواتین کو ایسی غذائیں استعمال کرنی چاہئے جن سے نہ صرف ان کی اپنی صحت ٹھیک رہے بلکہ ان کے ہاں پید اہونے والا بچہ بھی تندرست ہو ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ کے وزیر عبدالحق خان کی ہدایت پر اس سلسلے میں ریاست گیر مہم شروع کی گئی ہے اور یہ کیمپ آئندہ بھی جاری رہیںگے ۔انہوںنے کہاکہ بلا ک سطح پرایسے پروگرام اس لئے منعقد کئے جارہے ہیں کہ دیہی خواتین میں بیداری لائی جاسکے ۔اس دوران دیگر سرکاری سکیموں کی جانکاری بھی فراہم کی گئی اور خواتین کو ان سے استفادہ کرنے کا کہاگیا۔