سرینگر //محکمہ خوراک نے دعویٰ کیا ہے کہ اتوار کو وادی میں چیکنگ کے دوران ناجائز منافع خوروں سے 52ہزار روپے جرمانہ وصول کیا ہے ۔محکمہ کے ڈائریکٹر نثار احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے منافع خوروں کو وارنگ دی ہے کہ وہ محکمہ کی جانب سے مقرر کئے گے نرخناموں کے مطابق اشیائے ضروریات فروخت کریں ۔وانی کے مطابق محکمہ کے چیکنگ سکارڈ نے سرینگر ، بڈگام ، گاندربل ، پلوامہ ، شوپیاں اوربانڈی پورہ میں 52ہزار کے قریب جرمانہ وصول کیا ۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں 95دکانوں اور منڈیوں کی چیکنگ کی گئی ہے جس دوران 21منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی گئی اور 12200روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔ بانڈی پورہ میں چیکنگ کے دوران محکمہ کی ٹیم نے محکمہ مال اور ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے 1050روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا اور گلی سڑی سبزیوں کو تباہ کیا گیا ۔ شوپیاں ضلع میں بھی محکمہ کی ٹیم نے 63دکانوں کی چیکنگ کے دوران 19دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اُن سے 12سو روپے جرمانہ وصول کیا ۔ضلع پلوامہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوںنے بتایا کہ چیکنگ سکارڈ نے 90دکانوں اور منڈیوں کی چیکنگ کی جس دوران 50منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1550روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ضلع گاندربل میں 292دکانوں کی چیکنگ کے دوران 19منافع خوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے محکمہ نے 2700 روپے جرمانہ وصول کیا ۔اسی طرح ضلع بڈگام کا حوالہ دیتے ہوئے ڈائریکٹر موصوف نے کہا کہ بڈگام میں 207دکانوں کی چکنگ کے دوران 19850روپے کا جرمانہ 30منافع خوروں سے وصول کیاگیا ۔