سرینگر // ریاستی محکمہ خوراک رسدات اورتقسیم کاری کی ممکنہ نجکاری کیخلاف محکمہ کے سینکڑوں ملازمین نے جمعرات کو صوبائی ہیڈکوارٹر سرینگر کے احاطے میں زورداراحتجاج کیا ۔اس دوران فوڈ اینڈ سپلائز ایمپلائز ایسوسی ایشن نے 2اور 3اگست کو تالا بند ہڑتال کرنے کا اعلان کیا۔ جمعرت کی صبح وادی کے اطراف واکناف سے آئے محکمہ کے ملازمین نے فوڈ اینڈ سپلائز ایمپلائز ایسوسی ایشن کے بینر تلے مرکزی دفتر واقع شہید گنج میں احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے محکمہ کی نجکاری کے خلاف احتجاج کیا ۔اس دوران ملازمین نے ایسوسی ایشن کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ ریاستی سرکار کے اس عوام دشمن اور ملازم کش پالیسی کے خلاف زبردست پروگرام دیا جائے ۔ صدر ایسوسی ایشن مشتاق احمد خان نے اس دوران اس جہدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے 2اور 3 اگست 2017کو 2دن کیلئے تالا بند ہڑتال کا علان کیا جس کی حمایت احتجاج میں شامل ملازمین نے کی اس دوران جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے ذمہ داراران نے کہا کہ جس طرح محکمہ کے ملازمین نے 1930سے لیکر آج تک راشن تقسیم کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی ،خاص کر پچھلے 27برسوں کے دوران جب وادی میں حالات انتہائی کشیدہ تھے مگر محکمہ کے ملازمین نے اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر عوامی خدمت میں پیش پیش رہنے کو ترجیح دی ۔ 2008سے2016کی ایجی ٹیشن میں جب ہر طرف ہو کا عالم تھا محکمہ کے ملازمین نے اُس وقت بھی اپنی جانوں کی پرواہ نہیں کی اور خدمت خلق میں پیش پیش رہ کر گھر گھر راشن پہنچایا جس کا اظہار ریاستی وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ نے بھی کیا، مگر بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ایک طرف ان شخصیات نے ملازمین کے کام کی سراہنا کی اور دوسری جانب ان ہی ملازمین کے حقوق پر شب خون مارا جا رہا ہے ۔صدر ایسوسی ایشن مشتاق احمد خان نے حکومت کے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا عوام کش اور ملازم کش فیصلوں سے باز ہیں ورنہ ملازم موجودہ حکومت کیلئے زبردست پریشانی کا باعث بنیں گے۔اس احتجاج میں صدر ایسوسی ایشن کے علاوہ ریاض احمد صوفی ، محمد یعقوب بٹ ، منیر احمد ، منظور احمد شاہ ، مسعود احمد ناز کی ، الطاف حسین دلال ، منظور اشبری ، جاوید احمد میر ، عبدالقیوم وانی ،سید پرویز راجہ ضلع صدر سرینگر ، معراج الدین بڈگام ، بشیر احمد بٹ بانڈی پورہ، فیاض احمد گاندربل ، محمد مقبول ملک بارہمولہ ، نذیر احمد کولگام ، فاروق احمد کپوارہ، گلزار احمد شوپیاں مشتاق احمد پلوامہ ، فیاض احمد بٹ وغیرہ شامل تھے ۔