اشرف چراغ
کپوارہ//زبردست گرمی اور ندی نالو ں میں پانی کی سطح میں کمی کے بیچ ڈولی پورہ ترہگام کے لوگو ں نے محکمہ جل شکتی کے تئیں اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال قبل 14کرو ڑ کی لاگت سے منظور کی گئی واٹر سپلائی سکیم پر کام شروع نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ہزارو ں نفوس پر مشتمل آبادی کو سخت پریشانی کا سامنا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ محکمہ جل شکتی نے جل جیون مشن کے تحت کئی سال قبل ڈولی پورہ ترہگام واٹر سپلائی سکیم کو منظور دی گئی تاہم ابھی تک اس سکیم پر کام تک شروع نہیں کیا گیا ۔سرکار نے سکیم کے لئے14کرو ڑ 23 لاکھ روپے مختص کئے تاکہ ترہگام کے مضافاتی علاقوں جن میں ڈولی پورہ چک ہائن اور کباب مرگ کی ایک بڑی آبادی مستفید ہو جائے، کیونکہ ان علاقوں کو پینے کے پانی کے حوالہ سے سخت مشکلات کا سامنا ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ مارچ2023میں محکمہ جل شکتی نے جل جیون مشن کے تحت باضابطہ ایک حکم نامہ زیر نمبر JK(jsd)of/2023/45کے تحت سکیم منظور کی گئی لیکن دو سال سے زائد عرصہ گزر گیا اس سکیم پر زمینی سطح پر کام تک شروع نہیں کیا گیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ اس سکیم کے ذریعے پانی جمع کر نے کے لئے ڈولی پورہ ،کباب مرگ اور ترہگام میں 3ریزر وائر تعمیر کرنے کے لئے جگہ کی نشاندہی بھی کی گئی ہے لیکن کئی مقامات پر رکاوٹ آرہی ہے لیکن محکمہ دو سال گزر نے کا باجود بھی معاملہ سلجھانے میں ناکام رہا اور اس کا خمیازہ لوگو ں کی ایک کثیر تعداد کو بھگتنا پڑتا ہے ۔ڈولی پورہ ،کباب مرگ اور چک ہائن کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ سخت گرمی کی وجہ سے ان کے اپنے پانی کے ذرائع اب خشک ہو گئے ہیں اور ان میں پانی کی ایک بوند تک میسر نہیں ہے اور نتیجے کے طور لوگو ں کو پینے کے پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترسنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں نے بتایا کہ اب عوامی سرکار معرض وجود میں آگئی ہے لیکن انہوں نے بھی ڈولی پورہ ترہگام واٹر سپلائی سکیم کے کا م کے لئے کچھ نہیں کیا ۔انہو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ اولین ترجیحات دیکر ڈولی پورہ ترہگام واٹر سپلائی سکیم پر کام شروع کریں تاکہ لوگو ں کو پینے کے پانی کے حوالہ سے مشکلات سے نجات مل سکے ۔