جموں//نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹرنرمل سنگھ اوروزیرتعلیم سید محمدالطاف بخاری کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اضلاع سانبہ، کٹھوعہ ،ادہمپور اورریاسی میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی کاجائزہ لیا۔وزیر برائے صنعت وحرفت چندرپرکاش گنگا ، وزیرجنگلات وماحولیات چوہدری لال سنگھ ، وزیر مملکت تعلیم پریاسیٹھی، وزیر مملکت خزانہ ومنصوبہ بندی اجے نندہ اور متعلقہ ممبران ِ قانون سازاسمبلی وکونسل بھی اس موقعہ پر موجودتھے۔ دیہی علاقوں میں بچوں کوبہترتعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے نائب وزیراعلیٰ نے محکمہ تعلیم کے کام کوسراہا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں تعلیم کے معیار کو بہتربنانے کے لئے موثر قدم اٹھائے جارہے ہیں۔وزیر تعلیم الطاف بخاری نے کہاکہ حکومت ریاست میں محکمہ تعلیم کومزیدفعال بنانے کے لئے ٹھوس اقدام اٹھارہی ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ اورعوامی نمائندوں کے مابین قریبی تال میل کولازمی قراردیااورسکولوں کادرجہ بڑھانے میں مقامی قانون ساز یہ ارکان کی آراء اورمشوروں کوضروری قراردیا۔