سرینگر//کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی دھیر ج گپتا نے گزشتہ شام سرینگر کے کئی علاقوں کا دورہ کر کے بجلی اور سٹریٹ لائیٹس کی صورتحال کاجائزہ لیا۔ کمشنر سیکرٹری نے راجباغ ، بمنہ ، ڈلگیٹ ، بلیوارڈ ، فورشور روڑ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران سیکرٹری پی ڈی ڈی ، چیف انجینئر ای ایم اینڈ آر ای کے علاوہ محکمہ کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔دھیر ج گپتا نے راولپورہ گرڈ سٹیشن کا بھی دورہ کیا اور وہاں 50ایم وی اے اضافی ٹرانسفارمر کے کام پرہو رہی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ توسیعی کام ایک ہفتے کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا اور ماہ رمضان کے دوران لوگوں کو بجلی کی بہتر صورتحال فراہم کی جائے گی۔کمشنر سیکرٹری نے ہدایت دی کہ اضافی ٹرانسفارمر 24؍ مئی تک نصب کیاجانا چاہئے۔دورے کے دوران انہوںنے شہر میں سٹریٹ لائیٹس کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ شہر میں تمام سٹریٹ لائیٹس قابلِ کار ہوں تاکہ لوگوں کو عبور و مرور میں دِقتوں کا سامنانہ کرنا پڑے۔