محمد تسکین
بانہال// حلقہ انتخاب بانہال ۔ گول میں بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف کانگریس کی طرف سے قصبہ بانہال میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عام لوگوں اور کانگریس کارکنوں نے شرکت کی ۔اس احتجاجی مظاہرے کی قیادت کانگریس کے سینئرلیڈر اور سابق وزیر بجلی وقار رسول نے کی ۔مظاہرین نے محکمہ بجلی اور سرکار کے پتلے بھی نذر آتش کئے ۔احتجاجی لوگوں کا کہناتھاکہ سحری اور افطاری کے وقت بجلی کی عدم دستیابی سے لوگ پریشان ہیں اور محکمہ بجلی اور انتظامیہ کی طرف سے اس بارے میں کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں ۔اس موقع پر وقار رسول نے کہا کہ سحری اور افطاری میں بجلی کا بند رہنا اور لوگوں سے بجلی کی بھاری بلیں وصولنا نا انصافی ہے اور اگر اس میں بہتری نہ لائی گئی تو کانگریس سینکڑوں حامیوں کے ہمراہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر دھرنا دینے پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایگزیکٹیو انجینئر بانہال کو یہاں سے فوری طور تبدیل کیا جائے کیونکہ انہوں نے سرکار کے سامنے اپنے نمبر بنانے کیلئے یہاں کے غریبوں پر ظلم روا رکھا ہوا ہے۔ وقار رسول نے نیشنل کانفرنس حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ حکومت سو فیصدی میٹر لگانے کے حق میں ہے جبکہ برفباری اور پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور سردی ہوتی ہے اور ایسے میں بجلی میٹر لگانے سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا ۔