پالپورہ میں ترسیلی لائن کی مرمت کررہا تھا
سرینگر// جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں محکمہ بجلی کی غفلت شعاری کے نتیجے میں محکمہ کا ایک اور عارضی ملازم کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہوگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ محمد یاسین بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکنہ گوری پورہ اُس وقت شدید زخمی ہوگیا جب پمپوش کالونی پالپورہ میں ترسیلی لائن کی مرمت کے دوران متعلقہ بجلی گرڈ سے اچانک بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی۔ انہوں نے بتایا ’محمد یاسین جو کہ محکمہ میں عارضی بنیادوں پر کام کررہا ہے، جمعہ کو پمپوش کالونی پالپورہ میں بجلی کے کھمبے پر ترسیلی لائن کی مرمت میں مصروف تھا،کہ اسی اثناءمیں بجلی کی سپلائی بحال کی گئی جس کے نتیجے میں وہ کرنٹ لگنے سے زمین پر گرآیا‘۔ ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ لائن میں محمد یاسین اس حادثے میں بال بال بچ گیا، تاہم وہ شدید طور پر زخمی ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ محکمہ بجلی کی غفلت شعاری ہے جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیاہے۔ خیال رہے کہ رواں برس 5 مارچ کو سیول لائنز کے بڈشاہ چوک میں غفلت شعاری کے نتیجے میں ہی ایک عارضی ملازم لقمہ اجل جبکہ دوسرا شدید طور پر زخمی ہوا تھا۔ یو اےن آئی