جموں //باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے جموں صوبہ میں محکمہ کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔ میٹنگ میں وزیر مملکت پریا سیٹھی اور دیگر سنیئر افسران موجود تھے۔میٹنگ میں نئی شجرکاری کا ضلع وار بنیادوں پر جائیزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو اہداف کو وقت پر حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی۔وزیر نے کہا کہ باغبانی شعبۂ میں کافی گنجائش ہے اور اسے مزید منافع بخش بنانے کے لئے جدید طریقہ کار اپنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے افسران کو صوبہ میں نرسریوں کو وسعت دینے کے لئے مزید اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ مختلف شراکت داروں کی شمولیت سے ہی سکیموں کی موثر عمل آوری یقینی بن سکتی ہے جبکہ باغ مالکان کی بہتر رہنمائی کے لئے مختلف پروگراموںکا انعقاد کیا جانا چاہئے۔انہوں نے افسروں کو صوبہ میں اچھی نرسریوں کی نشاندہی کرنے کے لئے ماہرین پر مبنی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی۔باغبانی شعبۂ کے سنسس کے حوالے سے وزیر نے افسران کو اس کی تکمیل پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ سنسس سے ریاست میں ہارٹی کلچر پالیسی کی تشکیل میںمدد ملے گی۔وزیر نے جموں صوبے کے ’’مینگو ولیج‘‘ کی سرگرمیوں کا جائیزہ لیتے ہوئے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی افسران کو ہدایت دی۔