سرینگر// محکمہ آب رسانی(پی ایچ ای) کے عارضی ملازمین کی مستقلی میں مبینہ تاخیر کے خلاف وادی میں ڈیلی ویجروں اور کیجول ملازمین کی ہڑتال سے محکمہ کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ عارضی ملازمین کی مستقلی کے حق میں گزشتہ روز احتجاجی مظاہرے کے بعد کیجول ملازمین اور ڈیلی ویجروں نے پیر کو ہڑتال کی جس کی وجہ سے محکمہ میں کام و کاج متاثر ہوا۔ پی ایچ ای جوائنٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن نے19مارچ کو وادی گیر تالہ بند ہڑتال کی کال دی تھی۔ سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں بھی ڈیلی ویجروں اور کیجول لیبروں نے ہڑتال کی جس کی وجہ سے محکمہ آب رسانی میں کام کاج متاثر ہوا ۔کشمیر پی ایچ ای جوائنٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن کے چیئرمین سجاد احمد پرے نے کہا کہ کیجول ملازمین نے نامسائد حالات کے دوران گولیوں کے سائے میں اپنی جان جوکھم میں ڈال کر عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا کرایاتاہم اس کے باوجود بھی انہیں نظر انداز کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار نے ایوان اسمبلی میں یہ وعدہ کیا تھا کہ1994سے لیکر تا ایں دم تمام ڈیلی ویجروں اور کیجول لیبروں کو مستقل کیا جائے گا تاہم اس کے برعکس2007میں سیاسی اثر رسوخ کی بنیاد پر لگے کیجول ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے منصوبہ پر کام کیا جا رہا ہے ،جوکہ 20برسوں سے کام کر ہے عارضی ملازمین کے حق پر شب خون مارنے کے مترادف ہے ۔