سرینگر//محکمہ آب رسانی کے عارضی ملازمین نے سکولی وردیوں میں ملبوس بچوں سمیت احتجاج کرتے ہوئے تنخواہوں کی واگزاری اور ایس آر ائو 520 میں ترمیم کا مطالبہ کیا۔ملازمین نے دھمکی دی کہ اگر5اپریل تک مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو6اپریل سے پانی کی سپلائی بند کی جائے گی۔ محکمہ کے عارضی ملازمین کئی دنوں سے ہڑتال پرہیں۔جمعرات کو پرتاپ پارک میں احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے اپنے سکولی بچوں سمیت احتجاج کیا۔ سکولی بچوں نے اپنے ہمراہ کتابیں اور بستے بھی لائے تھے جبکہ بچوں کا کہنا تھا کہ انکے والدین کی واجب الادا تنخواہوں کے نتیجے میں ان کے اسکولوں میں فیس کی ادائیگی بھی ممکن نہیں۔اس موقعہ پر کشمیر پی ایچ ای جوائنٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن کے صدر سجاد احمد پرے نے کہا کہ سرکار نے ان کے ساتھ وعدہ کیا تھا محکمے میں جتنے بھی ملازمین کام کررہے ہیں ان کی واجب الاد رقومات کے علاوہ ،مستقل اورایس آر او میں ترمیم کی جائے گی۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے ان کے تمام مطالبات کو 5اپریل کی شام تک پورے کئے جائیں۔ انہوں نے دھمکی دی اگر ایسا نہیں کیا گیا تو6اپریل سے پانی کی سپلائی کو بند کیا جائے گا۔