جموں //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے تمام محکموں کو صلاح دی ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں اور خدمات کو ڈیجٹل موڈ میں ڈال دیں تا کہ عوام کے ساتھ اُن کے رابطے کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ اُن کے کام کاج میں شفافیت لائی جا سکے ۔ جموں میں خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین محکمے کے ٹرانسپرنسی پورٹل کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے یہ پورٹل شروع کرنے کیلئے محکمے کی سراہنا کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس پورٹل کی بدولت نظام میں شفافیت آئے گی اور مستحقین کے حقوق کی بھی پاسداری ممکن ہو گی ۔ انہوں نے دیگر محکموں سے بھی کہا کہ وہ اپنی سرگرمیوں اور خدمات کو اجاگر کرنے کیلئے آن لائین طریقہ کار اختیار کریں تا کہ لوگ محکمے کے مختلف امور کے بارے میں جانکاری حاصل کرسکیں ۔ محبوبہ مفتی نے اس موقعے پر کہا کہ لگ بھگ ایک برس سے وہ حکومت کے کام کاج میں آن لائین نظام متعارف کرنے کی ضمن میں کام کر رہی ہیں تا کہ عام لوگوں کو اپنے مسائل کے نپٹارے کیلئے در در کی ٹھوکریں نا کھانی پڑیں ۔ وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ لوگوں کو راحت دینے کیلئے عنقریب ہی یہ فعال نظام متعارف کیا جائے گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمے کی طرف سے یہ پورٹل متعارف کرنا ملک میں ڈیجٹل انقلاب لانے کے ضمن میں ایک قدم ہے ۔ انہوں نے اس نظام کے فوائد کے بارے میں لوگوں میں جامع بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پورٹل کی بدولت محکمے کے کام کاج میں مزید شفافیت آئے گی ۔ اس سے پہلے خوراک ، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذولفقار علی نے اس پورٹل کے فوائد کے بارے میں جانکاری دی ۔ متعلقہ محکمے کے وزیر مملکت اجے نندا نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔ صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر پون کوتوال ، آئی جی پی جموں زون ، سیکرٹری خوراک و امور صارفین اور کئی دیگر اعلیٰ افسران کے علاوہ کافی تعداد میں عام لوگوں نے اس تقریب میں شرکت کی ۔