سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئر مین محمد یاسین ملک اور نور محمد کلوال کو پولیس حراست سے رہا کردیا گیا ۔ ملک 2اکتوبر جبکہ نور محمد کلوال کو9 اکتوبر کو گرفتار کئے گئے تھے اور دونوں تب سے کوٹھی باغ پولیس تھانے میں مقید تھے۔رہائی کے فوراً بعدملک ایک وفد کے ہمراہ فتح کدل اور خانیار گئے جہاں معراج الدین بنگرو، فہد مشتاق وازہ اور رئیس احمد صوفی جاں بحق کئے گئے تھے۔ فرنٹ چیئرمین غمزدہ لواحقین سے ملاقی ہوئے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پر فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ تحریک آزادیٔ جموں کشمیر کے پودے کو مقدس اور معصوم شہداء کاخون سیراب کررہا ہے اور یہ خون کسی بھی صورت میں رائیگان نہیں جائے گا۔نہتے اور معصوم شہید رئیس احمد صوفی کے ہمسایئوں اور لواحقین نے یاسین ملک کو بتایا کہ اس معصوم کو پہلے ایس او جی نے گرفتار کیا اور سخت ٹارچر سے گزارااور پھر اِس پر حراست کے دوران ہی گولیوں کی بوچھاڑ کرکے اسے دوران حراست ابدی نیند سلادیا گیا۔دریں اثناء پولیس نے لبریشن فرنٹ کے معراج الدین پرے سوٹینگ لسجن کو گرفتار کیا ۔ نوگام پولیس نے اس سے قبل ان کا اسکوٹر بھی ضبط کیا تھا ۔