سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کی ایک جمعیت نے بعد دوپہر فرنٹ دفتر کا گھیرائو کیا اور یہاں سے فرنٹ چیئرمین کو گرفتار کرکے لے گئی۔ گرفتاری کے بعد دونوں اسیروں کو تھانہ کوٹھی باغ میں مقید کردیا گیا ہے ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حق یہ ہے کہ بھارت نے عرصہ دراز سے جموں کشمیر کے لوگوں کو حق آزادی مانگنے کی پاداش میں جس جبر و اذیت کا نشانہ بنا رکھا ہے وہ اس بات کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ اپنے تمام تر دعووں کے باوجود اس ملک کے حکمرانوں کو جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک نے ہماری آزادی کو طاقت کے زور پر دبا رکھا ہے اُس کا یوم جمہوریہ ہمارے لئے ہر صورت میں یوم سیاہ ہی ٹھہرتا ہے۔ فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ جب کشمیریوں نے اپنے اس حق کی بازیابی کیلئے آوازبلند کی تو اُن پر عذاب و عتاب ،بندوق کے دہانے اور جیل کے دروازے کھول دئے گئے ہیں۔