سرینگر // لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو بشیر کشمیری کے ہمراہ گرفتار کرنے کے فوراً بعد سری نگر سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا ۔پولیس نے لبریشن فرنٹ دفتر سے انہیں حراست میں لیا۔ فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ ماضی میں بدترین ظالم حکمرانوں تک کا وطیرہ رہتاتھا کہ وہ قیدیوں کو عید جیسے تہواروں پر رہا کردیا کرتے تھے لیکن آج نئے قسم کے ظالم حکمرانوں نے لوگوں کو عین عید اور اس قسم کے دوسرے تہواروں پر گرفتار کرکے جیلوں اور اذیت گاہوں کوبھرنے کا ظالمانہ وطیرہ اپنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہی دختران ملت کی علیل سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھی فہمیدہ صوفی کو ہسپتال سے گھسیٹ کر نکالنے کے بعد جموں جیل منتقل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں اور انکی انتظامیہ کا یہ عمل ثابت کرتا ہے کہ یہ لوگ محض سیاسی انتقام گیری کے تحت لوگوں کو جیلوں کی نذر کرنے میں یقین رکھتے ہیں اور ان کے نزدیک کسی انسانیت یا جمہوریت کی کوئی قدر نہیں ہے۔