سرینگر // جموں و کشمیر بینک کے سابق چیئرمین محمد سعید قریشی کے انتقال پر وادی کی کئی سماجی، مذہبی اور سیاستی تنظیموں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ آئی اے ایس آفیسر سعید محمد قریشی نے لال بازار سرینگر کے قریشی محلہ میں سنیچر کو اپنے آبائی گھر میں آخری سانس لی۔ موصوف وادی کے معروف ماہر امراض چشم ڈاکٹر طارق قریشی، انجینئر وجاہت قریشی اور ڈاکٹر عاصف قریشی کے والد اوراشتیاق عشائی (کے اے ایس) اور معروف معالج ڈاکٹر فیض فاضلی کے والد نسبتی تھے۔ زندگی کے تمام شعبوں سے وابستہ لوگوں نے غمزدہ کنبے کے ساتھ غم کی اس گھڑی میںلواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لال بازار جاکر غمزہ کنبے کے ساتھ تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ۔اس موقعے پر جموں و کشمیر بینک کے سابق چیرمین محمد یوسف خان نے بھی لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدری کیا۔کشمیر عظمیٰ نے بھی غمزدہ کنبے کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ہے۔ انتظامی امور پر بہترین دست رس رکھنے والے سعید محمد قریشی جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین تعینات ہونے سے قبل سٹیٹ فائنانشیل کارپوریشن میں بطور منیجنگ ڈائریکٹر تعینات رہے۔ موصوف ڈائریکٹر انڈسٹریز، ڈپٹی کمشنر سیلز ٹیکس اور ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ سعید محمد قریشی اپنے پیچھے تین بیٹوں اور 2بیٹیوں کو چھوڑ گئے۔ خاندانی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مرحوم کی اجتماعی فاتحہ خوانی 22اگست منگلوارکولال بازار میں صبح 9بجے انجام دی جائے گی۔