یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر 22-23اپریل کو دو روزہ دورہ پر سعودی عرب جائیں گے۔وزارت خارجہ کے مطابق، سال 2016 اور 2019 کے بعد وزیر اعظم کا سعودی عرب کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔ یہ دورہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم کے ستمبر 2023میں جی 20سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے اور ہندوستان سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنر شپ کونسل کی پہلی میٹنگ کی شریک صدارت کے لئے نئی دہلی کے سرکاری دورہ کے بعد کیا گیا ہے۔وزیر اعظم مودی اور شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ریاض میں دو طرفہ میٹنگ ہوگی، جس میں کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے نئے معاہدے طے پانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ، دونوں رہنما علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے جن میں اسرائیل-فلسطین تنازعہ اور ہندوستان-مشرقی یورپ اقتصادی راہداری (آئی ایم اے سی) کو آگے بڑھانے کا مسئلہ شامل ہے۔وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان سماجی، ثقافتی اور کاروباری رابطوں کی طویل تاریخ کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ تزویراتی شراکت داروں کے طور پر، دونوں ممالک سیاسی، دفاع، سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم، ثقافت اور عوام سے عوام کے تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط دو طرفہ تعلقات کا اشتراک کرتے ہیں۔سعودی عرب کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات پچھلی دہائی کے دوران ایک مضبوط اور پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہوئے ہیں اور سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے وعدوں، دفاعی تعاون کو وسعت دینے اور تمام شعبوں میں اعلی سطحی تبادلوں کے ساتھ کئی اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون کو وسعت ملی ہے۔وزارت خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ اس اہمیت کی عکاسی کرتا ہے جو ہندوستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو دیتا ہے۔ یہ ہماری کثیر جہتی شراکت داری کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گا۔
مودی کے ساتھ بات کرنا اعزاز کی بات | رواں سال دورۂ بھارت کے منتظر :ایلون مسک
یو این آئی
واشنگٹن//ٹیسلا کے چیف اگزیکیٹو افسر(سی ای او)ایلون مسک نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کرنا اعزاز کی بات ہے اور وہ اس سال کے آخر میں ہندوستان کا دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔ مودی سے بات کرنے کے ایک دن بعد ارب پتی امریکی تاجر ایلون مسک نے اپنی ایک پوسٹ میں اس خیال کا اظہار کرت ہوئے کہا ’’پی ایم مودی کے ساتھ بات کرنا اعزاز کی بات تھی۔میں اس سال کے آخر میں ہندوستان کا دورہ کرنے کا منتظر ہوں!‘‘وزیراعظم مودی نے کل ایکس پر پوسٹ کیا تھا کہ دونوں نے ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ایلون مسک سے بات کی اور مختلف مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا، بشمول وہ موضوعات جن کا ہم نے اس سال کے شروع میں واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات کے دوران کیا تھا۔وزیراعظم نے مزید کہا “ہم نے ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستان ان ڈومینز میں امریکہ کے ساتھ اپنی ساجھیداری کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے‘‘۔وزیراعظم مودی نے اس سال فروری میں اپنے واشنگٹن کے دورے کے دوران ایلون مسک اور ان کے تین بچوں سے ملاقات کی تھی۔فون کال اس بات چیت کے درمیان آئی ہے کہ مسک کا اسٹار لنک ہندوستان میں اپنی سیٹلائٹ پر مبنی انٹرنیٹ خدمات شروع کرنے کا امکان ہے۔