سرینگر//پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اورسابق وزیرخزانہ محمدالطاف بخاری نے اتوار شام کوگنگہ بگ میں محمدامین ڈار نامی شہری کی نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاکت کی مذمت کی ہے۔بخاری جو اس وقت ملک سے باہر ہیں،نے مرحوم کو ایک شریف النفس قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری زندگی اپنے علاقے کے عام لوگوں کیلئے اَن تھک کام کیا۔انہوں نے کہا کہ اُن کے موت کی خبر سے مجھے شدید صدمہ پہنچا اور میں اُن کے کنبے کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔الطاف بخاری نے کہا کہ نامعلوم بندوق برداروں کی اس بزدلانہ حرکت نے اقتصادی طور بدحال اس گھرانے کو بے حال کردیا ہے بلکہ مجھے بھی ذاتی طور نقصان پہنچایا ہے۔سابق وزیرخزانہ نے کہا کہ مرحوم کی عوامی خدمات کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کے بلنددرجات اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دینے کی اللہ تعالی سے دعاکی۔