نئی دہلی// بھاجپا کے قومی صدر امیت شاہ نے کشمیر میں جاری صورتحال کیلئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں بالآخر غالب رہے گا ۔ امیت شاہ نے کہا کہ دفعہ 370 کا خاتمہ ، کشمیر مسئلے کا حل ، رام مندر کی تعمیر،سہ طلاق کا خاتمہ اور دیگر اقدامات ہماری پارٹی اور سرکار کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔ انڈیا ٹی وی کے زیر اہتمام مباحثے میں امیت شاہ نے کہا کہ کشمیر میں جاری صورتحال کا سفارتی اور سیکورٹی سطح پر مقابلہ کیا جارہا ہے تاکہ وہاں پیدا ہونے والی امن و قانون کی صورتحال کے مسئلے کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے حل کیا جاسکے ۔ امیت شاہ کا کہنا تھا کہ دفعہ 370 کی منسوخی بھارتیہ جنتا پارٹی کا موقف ہے لیکن میںیہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ محض 370 کو منسوخ کرنے سے کشمیر کی پرابلم کا حل نہیں نکلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پیدا ہونے والی صورتحال کے مختلف پہلو ہیں ، اسی لئے مرکزی حکومت نے وہاں پیدا ہونے والی صورتحال کا حل نکالنے کیلئے سفارتی محاذ پر اپنی مہم تیز کرنے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی سطح پر بھی مضبوط اقدامات اٹھائے ہیں ۔ امیت شاہ نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ کشمیر میں جاری صورتحال وہاں پی ڈی پی اور بی جے پی کی ملی جلی سرکار بننے کی وجہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ایسا نہیں مانتا ۔انکا کہنا تھا کہ ریاستی حکومت اور فورسز کے چند اقدامات کی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور ان کوتاہیوں کو دور کیا گائیگا۔