سرینگر//پولیس نے بدھ کو کہا کہ انہوں نے دو افراد کو محرم کے سلسلے میں ایک جلوس کے دوران آزادی کے حق میں نعرے بلند کرنے کی پاداش میں گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق اس جلوس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پارم پورہ پولیس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کا سنجیدہ نوٹس لیا جس میں ایک جلوس محرم کے دوران آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے جارہے تھے۔
پولیس کے مطابق ویڈیو دیکھنے کے بعد یہ بات ظاہر ہوئی کہ اس کو ہوکر سر نوپورہ بنڈ میں شوٹ کیا گیا ہے جو ہوکر سر کے اندرون میں اڑھائی کلو میٹر کی مسافت پر ہے۔یہ مقام الگ تھلگ ہے اور وہاں اس طرح کے کسی جلوس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی اور مذکورہ جگہ امام باڑہ سے بھی بہت دور ہے اس لئے وہاں پولیس کی بھی موجودگی نہیں تھی۔
پولیس نے مزید کہا کہ بڈگام علاقے کے لڑکوں نے، جن کی قیادت سجاد حسین ولد محمد یوسف پرے ساکن نوپورہ گنڈ حسی بٹ،عارف احمد ڈار ولد محمد اکبر ڈار ساکن گنڈ حسی بٹ نزدیک جموں کشمیر بینک اور راجا محبوب ولدمحبوب حسین ساکن گنڈ حسی بٹ کررہے تھے، نے الگ تھلگ علاقے اور لوگوں کے جمع ہونے کا فائدہ اُٹھا کر آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے۔
اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر177درج کیا گیا اور نصف شب کے دوران چھاپے مار کر دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔پولیس نے کہا کہ اس کیس کے ضمن میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔