عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے محرم الحرام کی مقدس تقریبات کے سلسلے میں خصوصی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے صوبائی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ عوام کو بنیادی سہولیات وافر مقدار میں میسر رکھنے کے ساتھ ساتھ شیعہ اکثریتی علاقوں میں خاص طور سے سڑکوں اور گلی کوچوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ میکڈم اور گلی کوچوں کی مرمت کے کام کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح بغیر خلل بجلی سپلائی کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے عزاداران کے جلوسوں کے دوران اہم مقامات پر طبی کیمپ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عزادارن کے جلوسوں کے ہمراہ خصوصی فرسٹ ایڈ سہولیات بھی میسر رکھی جانی چاہئے۔اسی طرح صحت وصفائی کے منظم اور موثر انتظامات کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ پینے کے پانی کے عارضی نل پوئنٹ قائم کئے جانے چاہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ عزاداران کو اپنے اپنے علاقوں میں تعزیہ جلوس نکالنے اور امام باڑوں کے ارد گرد بھر پور سہولیات فراہم کی جائیں اور یوم عاشورہ کی اختتامی تقریبات منعقد ہوجانے تک ہر ایسی سہولیت کو بر قرار رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے پارٹی کے ضلع صدور اور ایم ایل اے حضرات کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے سلسلے میں ایام محرم اور روز عاشورہ کے دوران تمام بنیادی ضروریات اور لازمی خدمات کو یقینی بنانے میں اپنا رول نبھائیں۔