عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقیات اور پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے آج سری نگر کے شیعہ اکثریتی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ محرم الحرام کے جلوسوں کے پُرامن اور احسن اِنعقاد کے لئے کئے جا رہے اِنتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔جاوید احمد ڈار نے رکن قانون ساز اسمبلی لالچوک شیخ احسان احمد اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ کئی امام بارگاہوں کا دورہ کیا جن میں بالہامہ، پاندریٹھن اور گرو بازار شامل ہیں۔ وزیر موصوف نے متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ تمام اِنتظامات بروقت مکمل کئے جاسکیں۔انہوں نے بجلی اور صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور مؤثر ٹریفک نظام کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔وزیرموصوف نے امام بارگاہوں کے منتظمین، منتظم کمیٹیوں اور عقیدت مندوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل اور تجاویز کو سنا۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ عقیدت مندوںکے لئے پُرامن اور آرام دہ ماحول کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے یقین دِلایا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت خطے میں مذہبی تقریبات کے پُرامن اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔اس موقعہ پر وزیر جاوید ڈار نے پانتھ چوک کے ٹرانزٹ کیمپ کا بھی دورہ کیااور اُنہوں نے وہاںیاتریوں کے لئے قیام، روانگی، صفائی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے دیگر بنیادی سہولیات کا بھی مشاہدہ کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یاتریوں کی تمام ضروریات پوری ہوں۔وزیر کے اس دورے کا مقصد محرم الحرام اور امرناتھ یاترا کے پُرامن اور احسن اِنعقاد کو یقینی بنانا اور مقامی کمیونٹی کی ضروریات اور مسائل کا بروقت ازالہ کرنا تھا۔