ممبئی // بالی وُڈ کو کشمیر کے ساتھ رابطے کو نئے سرے سے جوڑنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مُلک کی فلم انڈسٹری کو ریاست کی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے کہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں جس میں فلم انڈسٹری کے کئی نامور اداکاربھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ فلم انڈسٹری کی کشمیر کے ساتھ اپنے پیارے رشتے کی یاد دلائی جو ریاست کے لوگ ہمیشہ یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے فلمی دُنیا کے ممبران کو کشمیر میں شوٹنگ دوبارہ شروع کرنے کی اپیل کی۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ سرکار نے ایک سیاحتی پالیسی تشکیل دی ہے جس کے تحت ضروری بنیادی ڈھانچے کو لگاتار اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹُو لِپ فیسٹول کا بہت جلد سرینگر میں انعقاد کیا جارہا ہے اور اس کے بعد پُر شگوف موسم میں سیاحوں کو کشمیر کی سیر کرنے کی بھی اپیل کی۔ میڈیا کو ریاست کی سیاحت کو فروغ دینے کا وسیلہ بننے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کی دیگر جگہوں کی طرح کشمیر بھی سیاحت کے لئے محفوظ جگہ ہے اور میڈیا کو صحیح نظریے سے خبریں شائع کرنی چاہئیں۔اس موقعہ پر کئی بالی وُڈ اداکاروں نے کشمیر میں اپنے تجربات بانٹتے ہوئے کہا کہ اُن کا کشمیر کے ساتھ خصوصی لگاو¿ ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ وہ وادی کو شوٹنگ کا مرکز بنانے میں اپنا رول ادا کریں گے۔اس موقعہ پر ادکار رضا مُراد، فریدہ جلال، رنجیت، کِرن کمار، ڈائریکٹر اکبر خان، پروڈیوسر عمران خان اور دیگر بالی وُڈ شخصیات بھی موجود تھیں جبکہ مہاراشٹرا اور گجرات کی ٹریول اور ٹور انجمنوں کے ممبران بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ کے صلاحکار پروفیسر امیتابھ مٹو نے کہا کہ ریاست کا ہر خطہ خوبصورتی سے مالا مال ہے اور مُلک کے ہر شہری کو یہاں آکر لُطف اندوز ہونا چاہئے۔اس سے قبل اپنے خطبہ استقبالیہ میں سیاحت کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے بھی میڈیا اور سیاحتی برادری کو ریاست کی سیاحت کو فروغ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا ہمیشہ ریاست کی سیاحت کو فروغ دینے میں پیش پیش رہا ہے۔