سرینگر //ریاستی ملازمین کی ضرورتوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آج عید الفطر ، جو کہ اگلے ہفتے منائی جا رہی ہے ،سے قبل ہی ماہ جون کی تنخواہیں واگذار کرنے کی ہدایت جاری کی ۔ یہ ہدایت وزیر اعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو دی ۔ وزیر اعلیٰ نے ایس ایس اے اساتذہ ، کنٹریکچول اور ایڈہاک ملازمین کے حق میں بھی عید سے قبل ہی اُن کی ماہانہ اجرتیں واگذار کرنے کیلئے کہا تا کہ وہ بغیر کسی مشکل کے عید منا سکیں ۔ سول سیکرٹریٹ کے ملازمین نے جون کی تنخواہ عید سے پہلے واگذار کرنے کی ہدایت جاری کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اپنے بیان میں سول سیکرٹریٹ ایمپلائیز کوارڈینیشن کمیٹی چیئر مین غلام رسول میر نے کہا کہ ملازمین کے حق میں عید سے پہلے تنخواہیں واگذار کرنے سے ملازمین خاص کر ایس ایس اے اساتذہ ، کنٹریکچول اور ایڈہاک بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین کو کافی راحت ملے گی اور وہ بغیر کسی دشواری کے عید منا سکیں گے ۔ادھر محکمہ خزانہ نے ٹھیکیداروں کے بقایا جات کی ادائیگی اور ملازمین کے جی پی فنڈ کلیمز کیلئے ٹریجریوں کیلئے 233 کروڑ روپے واگذار کئے ہیں ۔ محکمہ خزانہ کے ایک ترجمان کے مطابق ٹھیکیداروں کی کوئی بل یا جی پی فنڈ کلیم اب کسی بھی ٹریجری میں واگذاری کیلئے نہیں پڑی ہے کیونکہ محکمہ نے گذشتہ کچھ دنوں کے اندر تمام التوا میں پڑی بلوں کی واگذاری کیلئے 233 کروڑ روپے ٹریجریوں کو دستیاب رکھے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ آنے والی عید الفطر کے پیش نظر وزیر خزانہ حسیب درابو نے ریاست بھر میں تمام ٹریجریوں میں واجبات اور جی پی فنڈ کلیمز کا جائیزہ لے کر تمام التوا میں پڑی بلوں کی ادائیگی کرنے کی ہدایت د ی ۔ جن میں 142 کروڑ روپے جی پی فنڈ کیلئے اور 90 کروڑ روپے ٹھیکیداروں کی بلوں کے تحت ادائیگی کیلئے شامل ہیں ۔ ترجمان نے کہا اسی طرح تنخواہوں ، اجرتوں ، مشاہروں ، وظایف اور جی پی فنڈ کے تمام التوا میں پڑے واجبات جو اب تک داخل کی گئی تھیں کی مکمل ادائیگی کی گئی ہے ۔