سرینگر //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں وکشمیر میں گالفنگ کو ریاست کے سیاحتی منظرنامے کی ایک اہم کڑی کے طور پر فروغ دینے کی ہدایت دی ہے۔سرینگر میں کل رائیل سپرنگس گالف کورس سرینگر اور توی گالف کورس سدھرہ کی گورننگ باڈی میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گالف کی طرف اعلیٰ معیار کے سیاح راغب ہوتے ہیں اور متعلقہ محکمہ کو چاہئے کہ ریاست میں گالفنگ کو فروغ دینے کے لئے مناسب اقدامات کرے تاکہ اس سے ملک اور بیرونِ ملک کے اعلیٰ تصرف والے لوگوں میں عام کیا جاسکے۔اُنہوںنے ریاست میں گالف کورسوں کو بڑھاوا دینے کے لئے ملک کے مختلف گالف کورسوں میں سٹال لگانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر اعلیٰ جو ان گورننگ باڈیز کی چیئرپرسن بھی ہیں، نے گالف ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو متحرک کر نے کی بھی وکالت کی تاکہ مختلف گالف کورسوں میں بہتر خدمات کے لئے ماہرانہ مشورے اور مشینری کو منتقل کیا جاسکے ۔انہوںنے رائیل سپرنگس اور توی گالف کورسوں کو کارپوریٹ سیکٹر میں تقویت بخشنے کی بھی ہدایت دی تاکہ آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔انہوںنے اس حوالے سے سیر کے لئے آنے والے سیاحوں کے لئے مناسب پیکیج مرتب کرنے کی بھی صلاح دی۔وزیر اعلیٰ نے رائیل سپرنگس گالف کورس اور توی گالف کورس کی مناسب تار بندی کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ جنگلی جانوروں کے داخلے کو روکا جاسکے اور ٹرف کو نقصان ہونے سے بچایا جاسکے۔انہوںنے وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری کی سربراہی میں افسروں کی ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی جو ان 2 گالف کورسوں کے ملازمین کے معاملات کا جائزہ لے گی۔محبوبہ مفتی نے رائیل سپرنگس گالف کورس کے متصل اراضی پر ہائی ڈینسٹی سیب کے بوٹے لگانے کی بھی ہدایت دی تاکہ گالف کورس کی جاذبیت میں اضافہ کیا جاسکے ۔اُنہوںنے دونوں گالف کورسوں کے ٹرف کے رکھ رکھاﺅ کے لئے نئی مشینیںکام پر لگانے کی ہدایت دی۔سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی ، چیف سیکرٹری بی بی وِیاس، ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید ،وزیرا علیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، سیکرٹری سیاحت فاروق احمدشاہ ، وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری ایم ایچ ملک ، ڈائریکٹر سیاحت کشمیر / جموں کے علاوہ آر ایس جی سی اور ٹی جی سی کے ارکان اور سیکرٹری ا س میٹنگ میں موجود تھے۔