جموں//ریاستی پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے سابق بی جے پی وزیر چودھری لال سنگھ کے بھائی راجندر سنگھ عرف ببی کو اودے پور راجستھان میں گرفتار کر لیاہے،۔ملزم وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف ایک ریلی کے دوران بدزبانی کے سلسلہ میں ہیرا نگر پولیس کو مطلوب تھا۔ ایس ایس پی کٹھوعہ سری دھر پاٹل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کٹھوعہ پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے اتوار کی صبح راجندر سنگھ کو حراست میں لے لیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ راجندر سنگھ کی گرفتار سائبر سیل کے تعائون سے عمل میں لائی گئی ہے جو کہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ موبائل فون سے رابطہ میں تھا اور اس طرح اس کی Location کا پتہ چلایا جا سکا۔ ایس ایس پی موصوف نے بتایا پولیس ٹیم ملزم کے ہمراہ پیر کی صبح کٹھوعہ پہنچ جائے گی جسے مقامی پولیس کے سپرد کر دیا جائے گا۔ تاہم معاملہ کے تحقیقاتی افسر ایس ایچ او ہیرا نگر اروند سمیال نے راجندر سنگھ کی گرفتاری کی توثیق کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی بھی سپیشل ٹیم کے ہاتھوں گرفتاری کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے ۔ ایس ایچ او نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ’میں معاملہ کا انوسٹی گیشن افسر ہوں مجھے ایسی کوئی جانکاری نہیں ہے ، کسی خصوصی ٹیم کے ہاتھوں ملزم کی گرفتاری کے بارے میں مجھے شبہ ہے‘‘۔