جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آج سچیت گڑھ کا دورہ کر کے سرحدی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے جاری ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا۔محبوبہ مفتی نے دورے کے دوران نقطہ صفر کا بھی دورہ کر کے علاقہ میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے4.92 کروڑ روپے کے پروجیکٹ پر حصہ وار جائیزہ لیا۔انہیں بتایا گیا کہ ساونیر شاپس و کیفیٹیریا سمیت کثیر المقصد ہال90 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے جس کی تکمیل اگلے سال کے اوائل میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔وزیر اعلیٰ کو مزید مطلع کیا گیا کہ پری اِنڈی پینڈنٹس ریلوے پلیٹ فارم کو رفنٹئیر ایکسپریس موضوع کے تحت عجائب گھر کی صورت میں ترقی دے کر بحال کیا جارہا ہے۔ پروجیکٹ جس پر تخمیناً 1.50 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی2019 کے اوائل میں مکمل ہوگا۔اس سے علاقہ کی تاریخی اہمیت میں اضافہ ممکن ہے جو کہ سیاحوں کی دلچسپی کا باعث بن سکتا ہے۔علاقہ میں تعمیر کی جارہی دیگر سہولیات میں سیاحتی پارکنگ لاٹ جس پر60 لاکھ روپے صرف کئے جارہے ہیں، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کا پروجیکٹ، لینڈ سکیپنگ اور شجر کاری پروجیکٹ جن پر1.35 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے، شامل ہیں، جو2019 کے اوائل تک مکمل ہوں گے۔محبوبہ مفتی نے محکمہ سیاحت اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کو تمام کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ ان سہولیات کی دستیابی زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو علاقہ کی سیاحت پر راغب کرسکے۔ڈویثرنل کمشنر جموں نے وزیر اعلیٰ کو مطلع کیا کہ آر ایس پورہ سے سچیت گڑھ تک سڑک رابطہ میں مزید بہتری لانے پر بی آر او کی جانب سے 20 کروڑ روپے صرف کئے جارہے ہیں جس سے سفر ی وقت میں کافی کمی آنے کے علاوہ سفر آرام دہ بھی بن جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے صوبائی انتظامیہ کو نقطہ صفر سے رسمی پریڈ شروع کرنے کے امکانات کا جائیزہ لینے کی ہدایت دی تا کہ واہگہ۔ اٹاری کی طرح اس مقام کی سیاحت کی جانب سیاح راغب ہوسکیں۔وزیر برائے صحت عامہ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول شام چودھری، وزیر مملکت برائے سیاحت پریا سیٹھی، وائس چیئرمین ایس سی بورڈ بھوشن ڈوگرہ، ڈویثرنل کمشنر جموں، سیکرٹری سیاحت، آئی جی پی جموں زون، ناظم سیاحت جموں، محکمہ سیاحت اور صوبائی انتظامیہ کے افسران دورے کے دوران وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔راستے میں لوگوں کی بھاری تعداد نے وزیر اعلیٰ کا خیر مقدم کیا اور انہیں درپیش مسائل اُن کے گوش گذار کئے۔وزیر اعلیٰ نے لوگوں کے مسائل کے ازالہ کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے تاریخی رگھو ناتھ بازار کا دورہ کر کے وہاں جاری تحفظ اور دیدہ ذیبی کے کاموں کی رفتار کا جائیزہ لیا۔بازار پہنچنے پر تاجر انجمنوں اور دکانداروں نے وزیر اعلیٰ کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور تاریخی بازار کی شان و شوکت بحال کرنے کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے اب تک بازار کے دونوں اطراف مختلف ہیری ٹیج کاموں کی بحالی پر5.19 کروڑ روپے صرف کئے گئے ہیں۔وزیر مملکت برائے سیاحت پریا سیٹھی، قانون ساز راجیش گپتا اور اجات شترو سنگھ، ڈویثرنل کمشنر جموں، سیکرٹری سیاحت، آئی جی پی جموں زون، محکمہ سیاحت اور صوبائی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران محبوبہ مفتی کے ہمراہ تھے۔اس سے پہلے وزیر اعلیٰ تاریخی رگھو ناتھ مندر بھی گئیں اور مختلف شعبوں کا جائیزہ لیا۔مندر کی منیجنگ کمیٹی کے چیئرمین اور سابق چیف سیکرٹری بی آر کنڈل نے وزیر اعلیٰ کو مندر احاطے کی تاریخ سے روشناس کرایا۔