سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ان دنوں ٹی آر سی سرینگر میں جاری اسلامی فن پاروں اور نادر قرآنی نسخوں کی نمائش کا دورہ کیا ۔ شیریں کلام موضوع کے تحت منعقدہ اس 5روزہ نمائش کا انعقاد جموں کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچرل اینڈ لینگویجز نے محکمہ آرکائیوز ، آرکیالوجی اور میوزیم ، محکمہ سیاحت ، محکمہ لائیبریریز اور ریاست کی کئی پرائیویٹ گیلریوں کے اشتراک سے کیا ہے ۔تعمیراتِ عامہ اور ثقافت کے وزیر نعیم اختر نے وزیر اعلیٰ کو نمائش پر رکھے گئے نوادرات کے بارے میں جانکاری دی ۔ نمائش کے دوران مختلف خطوں میں رکھے گئے قرآنی نسخوں اور دیگر فن پاروں کی نمائش کی گئی ہے ۔ ان میں 1300 ہجری میں ہاتھ سے لکھا گیا قرآنی نسخہ ، مغل بادشاہ جہانگیر کے دور میں لکھا گیا قرآنی نسخہ ، سونے کی سیاہی سے لکھا گیا قرآنی نسخہ اور کئی دیگر اہم مذہبی نوادرات شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ تلتھ سٹائل میں اخروٹ کی لکڑی کی بائنڈنگ والا نادر نسخہ بھی نمائش میں رکھا گیا ہے جسے 1270 میں خطِ نستہ لیک میں مرتب کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ ،جو اکیڈمی کی صدر بھی ہیں ،نے نمائش پر رکھے گئے نادر نسخوں میں دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان نوادرات کی مناسب دیکھ ریکھ کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے ریاست بھر میں رمضان کے حوالے سے پروگرام منعقد کرانے کیلئے کلچرل اکیڈمی کی تعریف کی اور کہا کہ کلچرل اکیڈمی ریاست میں ثقافتی ورثے کو تحفظ اور فروغ دینے میں ایک اہم رول ادا کرتی ہے ۔ محبوبہ مفتی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آ کر آرٹ اور ثقافت کے نادر نمونے اکیڈمی کو عطیہ پر دیں تا کہ انہیں محفوظ رکھا جا سکے ۔ کلچرل اکیڈمی کے نائب صدر ظفر اقبال منہاس ، کمشنر سیکرٹری ثقافت سلیم شیشگر ، سیکریٹری اکیڈمی ڈاکٹر عزیز حاجنی ، ڈائریکٹر آرکائیوز ، آرکیالوجی ینڈ میوزیمز منیر السلام ، ڈائریکٹر لائیبریریز مسرت الاسلام ، کنوینئر انٹیک محمد سلیم بیگ اور کافی تعداد میں آرٹ کے مداح اس موقعے پر موجود تھے ۔