سرینگر/پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور ریاست جموں کشمیرکی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بدھ کو جنوبی کشمیر سے لوک سبھا انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرلئے۔
انہوں نے دفعہ 370سے متعلق کرن سنگھ کے بیان کی سخت تنقید کی۔
محبوبہ نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا''کرن سنگھ کے والد مہاراجہ ہری سنگھ نے خود دفعہ370کی بنیاد ڈالی تھی ، لیکن وہ آج دوسری ہی بولی بول رہے ہیں''۔
محبوبہ نے بھاجپا صدر امت شاہ کے ریمارکس کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا''اگر دفعہ370سال2020میں ہٹایا گیا تو وہ سال بھارت کیساتھ جموں کشمیر کا بھی آخری سال ہوگا''۔
اس سے قبل محبوبہ نے ضلع کمشنر اننت ناگ کے دفتر میں لوک سبھا انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔
اُن کے ہمراہ پارٹی کے سینئر لیڈران و کارکنا ن تھے۔
محبوبہ نے ایک ٹویٹ میں لکھا''لوک سبھا سیٹ اننت ناگ کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرلئے۔میرے والد کی غیر موجودگی میں یہ میرا پہلاانتخابی مقابلہ ہوگا جس کے دوران میں اُن کے سپورٹ سے محروم رہونگی۔لیکن میں پُر اعتماد ہوں کہ میرے لوگ پی ڈی پی کا پھر ساتھ دیں گے۔اپنے لوگوں کیلئے لڑنا میرے لئے اعزاز ہے''۔