سرینگر/جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جمعرات کو جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں ایک جاں بحق جنگجو کے گھر پہنچ گئیں۔
اطلاعات کے مطابق محبوبہ شوپیان کے صفنگری گائوں میں جاں بحق جنگجو ،ادریس سلطان کے گھر پہنچ گئیں اور افراد خانہ کے ساتھ ملاقات کی۔
محبوبہ نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو جنگجوئوں کے گھروالوں کو ہراساں نہیں کرنا چاہئے۔
محبوبہ نے کہا''مجھے معلوم ہے کہ ہماری پولیس جنگجوئوں کے گھروالوں کو ہراساں نہیں کرنا چاہتے ہیں لیکن کہیں سے اُنہیں ایسا کرنے کے احکامات مل رہے ہیں''۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان لڑائی میں جنگجوئوں کےگھروالوں کو شامل نہیں کیا جانا چاہئے۔
یہ محبوبہ مفتی کا حالیہ دنوں میں کسی جنگجو کے گھرکا دوسرا دورہ تھا۔اس سے قبل گذشتہ اتوار کو محبوبہ پلوامہ کے پتی پورہ نامی گائوں میں ایک جنگجو کے گھر گئی تھی۔
دریں اثنا ایک اور سابق وزیر اعلیِ عمر عبد اللہ نے محبوبہ کے جنگجوئوں کے گھروں کا دورہ کرنے کیخلاف رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اُنہیں جنگجو مخالف "آپریشن آل آئوٹ" کی تخلیق کار قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی جنگجوئں کی لاشوں کو استعمال کرکے ووٹروں کو خوش کرنے کی کوشش کررہی ہے۔