عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چْگ، جو جموں و کشمیر کے پارٹی انچارج بھی ہیں، نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو انتباہ دیا کہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر اپنی چھوٹی سیاسی وجوہات کی بناء پر لوگوں میں تفرقہ انگیز ایجنڈا پھیلانا بند کریں ۔ایک بیان میں چگ نے کہا کہ محبوبہ مفتی نے جموں و کشمیر میں بھارت مخالف بیانیہ کو جس طرح پھیلایا ہے اس پران کو سخت اعتراض ہے اور کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مفتیوں اور عبداللہ اور گاندھیوں کے ساتھ مل کر یہ سمجھیں کہ جموں و کشمیر کے لوگ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اقربا پروری اور خاندانی راج کو قبول نہیں کریں گے۔ بھاجپا سنیئر لیڈر نے کہا کہ پلوامہ معاملے کو ایسے وقت میں اٹھانا جب جموں و کشمیر ترقی کے ایک نئے دور کی طرف بڑھ رہا ہے صرف مفتی خاندان میں مایوسی کی نشاندہی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ محبوبہ سرحد پار سے اپنے سرپرستوں کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ووٹ حاصل کرنے کے لئے جموں و کشمیر میں ایک بار پھر تشدد کی صورت حال پیدا کی جا سکے۔چْگ نے کہا کہ جس طرح سے مودی حکومت نے جموں و کشمیر میں امن اور دوستی کا ایک نیا باب لکھا ہے اس سے تمام اشارے مل رہے ہیں کہ آنے والے انتخابات میں عبداللہ اور مفتی کو سخت ناکامی ہاتھ لے گی۔