سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ حکومت مزاحمتی لیڈروں کو سیکورٹی فراہم کرسکتی ہے ۔حزب کمانڈر ذاکر موسیٰ کی طرف سے گزشتہ روز مزاحمتی لیڈروں سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد محبوبہ مفتی نے کہا کہ اگر کوئی ہمیں سیکورٹی کی فراہمی کیلئے کہے گا تو اس پر غور کیا جائے گا۔سرینگر میں دماغی طور معذور بچوںکے کیمپ کی تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کی طرف سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا’’ جب کوئی شخص ہم سے سیکورٹی کیلئے رجوع کرے گا،ہم اس پر سوچیں گے‘‘۔ حزب کمانڈر نے گزشتہ روز دھمکی دی تھی کہ کشمیر کو اسلامی جدوجہد کے بجائے سیاسی مسئلہ قرار دینے والوں کی خیر نہیں ہے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے سرینگر کے ٹی آر سی گرائونڈ میں سپورٹس کونسل کے زیر اہتمام وادی بھر سے آئے جسمانی طور پر معذور افراد کے کیمپ میں ان سے ملاقات کی۔ اس خصوصی کیمپ میں وادی بھر سے400بچے شمولیت کر رہے ہیں۔