سرینگر// نیشنل فرنٹ نے کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کے ہاتھوں وادی کے اطراف و اکناف میں محاصروں اور تلاشی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں نیشنل فرنٹ نے کہا کہ نئی دلی کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو ختم کرنے کیلئے آہنی ہاتھ استعمال کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے حالانکہ اس قسم کی پالیسی سے ماضی میں بھی خون خرابے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہواہے۔بیان کے مطابق جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت بشمول نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان کو بے بنیاد کیسوں میں پھنسا کرجیل خانے بھرنا، آئے روز پابندیاں عاید کرنا اور نوے کی طرز پر اطراف و اکناف میںمحاصروںکے ذریعے لوگوں کو مرعوب کرنے سے متنازعہ خطے کے اندر قبرستان کی خاموشی نافذ کی گئی ہے۔ پارٹی نے سینئر مزاحمتی قائد اور فریڈم پارٹی چیئر مین شبیر احمدشاہ کی ضمانتی درخواست کی شنوائی کو طول دینے کی مذمت کی۔تنظیم نے حقوق البشر کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری قیدیوں کی حالت زار کا جائزہ لےں۔