آکلینڈ/ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن نے خطرناک کورونا وائرس نہ ہونے کی تصدیق کے بعد کہا کہ انہیں صرف زکام ہوا تھا لیکن ڈاکٹروں کے مشورہ پر انہیں ان کے مشورے پر عمل کرنا پڑا۔آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے بعد فرگوسن نے گلے میں خراش کی شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد انہیں احتیاطا ٹیم سے الگ کر دیا گیا تھا اور ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ اگرچہ ان کی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی تھی جس کے بعد وہ وطن واپس لوٹ گئے ۔فرگوسن نے کہاکہ مجھے صرف تھوڑا زکام ہوا تھا لیکن مددگار اسٹاف نے احتیاط برتتے ہوئے مجھے عمل کی پیروی کرنے کے لئے کہا جس کے بعد مجھے ہوٹل کے کمرے میں الگ رہنا پڑا۔ مجھے خوشی ہے کہ میری رپورٹ میں اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی اور میں واپس گھر لوٹ سکا۔انہوں نے کہاکہ مجھے لگا کہ مجھے صرف زکام ہوا ہے اور یہ مسلسل کرکٹ کھیلنے یا سفر کرنے سے بھی ہو سکتا ہے ۔ لیکن ڈاکٹروں نے ضروری طریقہ کار پر عمل کیا اور مجھے 24 گھنٹے الگ تھلگ رہنا پڑا۔ ایمانداری سے کہوں تو دوسرے دن جب میں اٹھا تو مجھے بہت اچھا محسوس ہو رہا تھا۔آسٹریلیا کے خلاف پہلا میچ ناظرین کے بغیر کھیلنے پر تیز گیند باز نے کہاکہ ناظرین کے بغیر میچ کھیلنا عجیب تھا اور یہ ایک خراب تجربہ رہا۔