عظمیٰ نیوز سروس
لیہہ// مظاہروں کے دوران تشدد اور جانوں کے ضیاع کے لیے ذاتی مفادات کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے، لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے بدھ کو کہا کہ مزید خونریزی کو روکنے کے لیے ضلع لیہہ میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تشدد کے ذمہ داروں کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کے خلاف ملکی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔گپتا نے لداخ کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “احتیاطی اقدام کے طور پر کرفیو نافذ کیا گیا ہے، یہاں لوگوں کی جانیں گئی ہیں اور میں ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، مزید ہلاکتوں کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔”ایل جی نے کہا کہ تشدد کو کسی بھی شکل میں برداشت نہیں کیا جائے گا اور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ امن کو خراب کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے والے تمام عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔گپتا نے کہا کہ لداخ میں پرامن ماحول کو خراب کرنے کی سازش کے تحت تشدد کو منظم کیا گیا ہے۔انہوں نے لداخ کے لوگوں سے امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے اور سماجی تانے بانے اور امن عامہ کو درہم برہم کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر سے گمراہ نہ ہونے کی اپیل کی۔