ملی ٹینسی کو جڑوں سے ختم کرنا حکومت کا اجتماعی عزم:وزیر داخلہ
فرید آباد//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پیر کے روز دہلی دھماکے کے ذمہ داروں کا سراغ لگانے کا عزم کیا اور زور دے کر کہا کہ مجرموں کو ‘پاتال‘ کی گہرائی سے بھی تلاش کیا جائے گا اور انہیں سخت ترین سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شمالی زونل کونسل کی 32ویں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملی ٹینسی کو جڑوں سے ختم کرنا حکومت کا اجتماعی عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اب تک کے ٹریک ریکارڈ کے مطابق دہلی بم دھماکے کے مجرموں کا پتہ ‘پاتال’ سے بھی نکالا جائے گا، ملک کے عدالتی نظام کے سامنے لایا جائے گا اور انہیں سخت ترین سزا دی جائے گی۔اجلاس کے آغاز میں لال قلعہ کے قریب کار بم دھماکے اور جموں و کشمیر کے نوگام پولیس سٹیشن میں ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اورخراج عقیدت پیش کیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی کے وژن کے مطابق، مضبوط ریاستیں ایک مضبوط قوم بناتی ہیں، اور زونل کونسلیں زمین پر اس کو حقیقت میں بدلنے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا، “زونل کونسلیں بات چیت، تعاون، رابطہ کاری اور ‘پالیسی ہم آہنگی’ کے لیے انتہائی اہم ہیں، ان کونسلوں کے ذریعے کئی قسم کے مسائل حل کیے گئے ہیں۔”شاہ نے کہا کہ اس وقت بھی کئی مسائل ہیں، جیسے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں فوری انصاف کو یقینی بنانے میں تاخیر، غذائی قلت اور سٹنٹنگ، جن سے ملک کو آزاد کرنے کی ضرورت ہے۔POCSO ایکٹ کے تحت جنسی جرائم اور عصمت دری کے معاملات میں تیزی سے تحقیقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی بھی مہذب معاشرہ خواتین اور بچوں کے خلاف گھنانے جرائم کو برداشت نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے فاسٹ ٹریک اسپیشل کورٹس (FTSC) کی تعداد میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔