نئی دہلی//تعلیم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ یہ سچ کرکے دکھایا ہے ممبئی کے50 سالہ ٹیکسی ڈرائیور فاروق شیخ نے۔ فاروق شیخ نے پچاس کی عمر میں اپنے 22 سالہ بیٹے کے ہمراہ کامرس میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔ ممبئی کے ناگپاڑہ علاقہ میں رہنے والے فاروق شیخ نے اسکولی تعلیم چھوڑنے کے 30 برس بعد گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔فاروق نے اپنے 22 سالہ بیٹے حازم شیخ کے ساتھ کامرس میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔ فاروق شیخ نے مہاراشٹر کی یشونت راو? چوہان یونیورسٹی برائے فاصلاتی تعلیم سے کامرس کی ڈگری حاصل کی ہے۔ باپ کے اس انوکھے تعلیمی سفر میں ان کے بیٹے نے بھی ان کی کافی مدد کی۔اسکولی تعلیم کی تکمیل کے بعد گھر کیخراب حالات کی بنا پر فاروق کو اعلی تعلیم کے حصول کا موقع نہیں مل پایا۔ پہلے کسی کمپنی میں کلرک کا کام کیا پھر کمپنی کے بند ہونے کیبعد ٹیکسی چلائی۔فاروق علی الصبح ٹیکسی لے کر تلاش رزق میں نکل جاتے ہیں اور شام میں پڑھائی کرتے ہیں۔ فاروق شیخ کے دوستوں کا کہنا ہے کہ ایک غریب چائے بیچنے والے لڑکے کی وکیل بننے کی کہانی نے فاروق میں اعلی تعلیم کا حوصلہ پیدا کیا۔فاروق شیخ نے اپنے بچوں کو اعلی تعلیم دلائی اور حالات کے سازگارہونے کے بعد خود بھی اعلی تعلیم حاصل کی۔ فاروق شیخ کے حوصلے بلند ہیں وہ بی کام کرنے کے بعد ایم کام میں داخلہ لینے کے خواہش مند ہیں۔ فاروق شیخ کے بلند حوصلے کی یہ کہانی ان افراد کے لئے ایک مشعل راہ ہے ، جو حالات سے لڑنے کی بجائے حالات کا رونا روتے ہیں۔