سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ اُن کی حکومت ریاست میں دستکاری شعبے کی ترقی کیلئے کافی سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے محکمہ سیاحت کو آنے والے سرمائی سیاحتی سیزن کو کامیاب بنانے کیلئے قبل از وقت انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ تجارتی انجمنوں کے مختلف وفود کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے آج یہاں کہا کہ اُن کی حکومت ریاست میں دستکاری صنعت کو ترقی دینے کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا اس صنعت سے ریاست کے ہزاروں لوگوں کے روز گار جُڑے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹ ، مراعات اور دیگر لاجسٹک مراعات پہلے ہی اس صنعت کیلئے دستیاب رکھی گئی ہیں اور اس صنعت کو ایک بار پھر فعال اور متحرک بنانے کیلئے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ محبوبہ مفتی نے محکمہ سیاحت کو کشمیر میں آنے والے سرما اور برفانی موسم کیلئے قبل از وقت انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے محکمہ کو اندرون و بیرونِ ملک کشمیر کی سرمائی سیاحتی دلچسپیوں کی تشہیر کیلئے تمام وسائل استعمال میں لانے کیلئے کہا ۔ انہوں نے سیاحتی صنعت سے وابستہ تاجروں کو حکومت کی جانب سے اُن کیلئے دستیاب رکھے گئے مراعات سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے کہا ۔ وفود میں کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سرینگر ، جوائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جموں اور بٹہ مالو سے آئے تاجران شامل تھے ۔ بٹہ مالو کے تاجران نے دورانِ ملاقات اپنے مسائل کا ازالہ طلب کیا ۔ جن میں تجارتی پالیسی ، مختلف سکیموں کے تحت ریاعات ، ٹریڈ پرموشن آرگنائیزیشن کا قیام اور سرینگر ماسٹر پلان سے متعلق معاملات کے علاوہ زعفران ، اخروٹ اور زیادہ پیداوار دینے والے پودوں اور قرضہ جات پر سودمیں معقولیت لانا شامل ہے ۔ انہوں نے سلام آباد اور چکاں دا باغ کے ٹریڈ فیسلٹیشن مراکز پر تجارتی سرگرمی میں معقولیت لانے اور حدِ متارکہ کے آر پار تجارت کو آن لائین پلیٹ فارم پر لانے کی بھی مانگ کی ۔ وزیر اعلیٰ نے وفود کو یقین دلایا کہ اُن کی مانگوں کا بغور جائیزہ لے کر اُن پر کارروائی کی جائے گی ۔ دیگر متعدد وفود بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوئے اور اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا ۔ جے اینڈ کے فُٹ بال ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے محکمہ جاتی فُٹ بال ٹیموں کو بحال کرنے اور اس کھیل پر توجہ مرکوز کرنے کی مانگ کی ۔ وفد نے سرینگر شہر کے کالجوں کے گراؤنڈ س کو شام کے وقت فُٹ بال کھلاڑیوں کیلئے کھولنے کی بھی مانگ کی ۔ شعیہ فیڈریشن جموں اور جمعتہ اہلِ حدیث کے وفود بھی محبوبہ مفتی سے ملے اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ صدیق آباد ، شوپیاں اور منلو ، زاورہ کے وفود بھی وزیر اعلیٰ سے ملے ۔ انہوں نے ضلع ہسپتال شوپیاں میں معقول تعداد میں عملے کی تعیناتی ، مغل پورہ ، مزہامہ اور ترمدورہ دیہات میں پینے کے پانی کی سہولیات میں توسیع کی مانگ کی ۔ وفود نے صدیق آباد میں حفاظتی باندھوں کی تعمیر ، پالپورہ ۔ صدیق آباد سڑک کی توسیع ، علاقے کی پینے کے پانی کی ضروریات کو پورا کرنے اور دیگر مسائل کے ازالے کی مانگ کی ۔ محبوبہ مفتی نے وفود کو یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کا بغور جائیزہ لے کر انہیں ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا ۔