جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ آج یہاں کئی وفود نے ملاقات کی۔وفود نے کئی مسائل وزیر اعلیٰ کی نوٹس میںلا کر ان کے حل کا مطالبہ کیا۔جموں وومن کواپریٹیوکریڈٹ کارپوریشن نے کواپریٹیو محکمہ میں ان کی نوکریوں کی باقاعدگی کا مطالبہ کیا۔سول صفائی کرمچاری یونین کے ایک اور وفد نے جے ایم سی میں ان کے کاڈر کی ترتیب نو کا مطالبہ کیا۔ جگتی سے آئے ہوئے رومیش کول کی سربراہ میں کشمیر پنڈتوں کے ایک وفد نے ریلیف آرگنائزیشن میں مائیگرنٹوں کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کی مانگ کی۔ انہوںنے جگتی میں قائم طبی ادارے کو عملے اور جدید سازو سامان سے لیس کرنے اور کنڈولی سے جگتی تک سڑک کی تجدید کا مطالبہ کیا۔ پولیس محکمہ سے سبکدوش افسروں کے ایک وفد نے ان کی تنخواہوں اور پنشن میں تفاوت کو دور کرنے کا مطالبہ کیا۔ کوٹ بلوال سے آئے ایک وفد نے مقامی یتیم خانہ میں ٹیوب ویل کی تعمیر کی مانگ کی۔پتنی ٹاپ کے ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ اونرس کے ایک اور وفد نے روپ وے اور سرکیولر روڑ پر فوری طور کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے سناسر سڑک کی تجدید کے علاوہ علاقے میں بجلی اور پانی کی معقول سپلائی کو یقینی بنانے کی مانگ کی۔پسماندہ علاقوں کی خواتین کے ایک وفد نے وقت کی مدت میں معقولیت لانے کی مانگ کی تاکہ شادی کے بعد ان کے حق میں بودو باش کی سند اجرا کی جائے۔وزیر اعلیٰ نے وفود کے مطالبات غور سے سنے اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات کا جائزہ لے کر قواعد و ضوابط کے تحت موزون کا رروائی کی جائے گی۔