سرینگر //دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے’’ متحدہ قیادت کے پاس آزادی کیلئے کوئی رو ڑ میپ نہیں ہے‘‘ اور صرف ہڑتالوں سے ہی ہم آزادی حاصل نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قیادت صرف ہڑتالوں کی کالیں دیتی ہے مگر ہڑتال سے ہم آزادی حاصل نہیں کرسکتے۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ سال 2013 میں، میں نے حریت قائدین سے ایک سمینار کے دوران اس بات کی درخواست کی تھی کہ وہ آزادی حاصل کرنے کیلئے ایک روڑ میپ تیار کرے مگر جس پر تمام لوگ عمل کرتے مگر میرے مشورے پر کوئی عمل نہیں ہوا ۔دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اپنے آبائی گھر واقعہ صورہ میںڈاکٹرقاسم فکتو کے جیل میں 25سال مکمل ہونے کے موقعے پر منعقد کئے گئے ایک سمینار سے خطاب کررہی تھیں۔ مسلم دینی محاز کے چیرمین ڈاکٹر محمدقاسم فکتو کے جیل میں 25سال مکمل ہونے کے موقعے پر صورہ میں منعقد کئے گئے ایک سمینار سے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی، تحریک خواتین کشمیر کے چیرپرسن زمرودہ حبیب اور دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہدہ نصرین نے بھی خطاب کیا اور ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کی زندگی کے مختلف گوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے دختران ملت کی سربراہ نے کہا کہ ہڑتال سے ہم آزادی حاصل نہیں کرسکتے اور اسلئے میں نے سال 2013میں بار ایسوسی ایشن کے ایک سمینار کے دوران حریت قیادت خاصکر بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ میاں عبدالقیوم سے گزارش کی تھی کہ وہ ایک روڑ میپ تیار کریں جس پر ہم چل کر آزادی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روڑ میپ سے یہ بات لوگوں پر واضح ہوجاتی کہ ہم آزادی کے سفر میں کہاں تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے 25نوجوان بھارت کی مختلف جیلوں میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمینار کا مقصد ڈاکٹر قاسم فکتو اور دیگر آسیران زندان کو رہا کرانا نہیں بلکہ سالہاسال سے جیلوں میں نظر بند افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ قیدیوں کا خیال رکھنا قیادت کی ذمہ داری ہے مگر آج تک قیادت اس حوالے سے کوئی بھی حکمت عملی تربیت نہیں دے پائی ہے۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی رہائی لیڈرشپ کے ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں راج ناتھ سنگھ اور نریندر مودی کی دھمکیوں سے ڈرنا نہیں چاہئے کیوں کہ ہم مسلمان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس آپریشن آل اوٹ کو عسکریت پسندوں کو جان بحق کرنے کیلئے شروع کیا گیا ہے ، اس سے بھارت ازخود کشمیر سے باہر ہوجائے گا۔ اس موقعے پر دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نصرین نے کہا کہ ڈاکٹر قاسم فکتو سال 1931سے واحد ایسے شخص ہے جنہوں نے بھارت کے جیلوں میں 25سال مکمل کئے ہیں اور اس دوران 20سے زائد کتابیں لکھیں ہیں۔ تقریب سے کشمیر تحریک خواتین کی چیرسن زمرودہ حبیب نے بھی خطاب کیا اور ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کی زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔