یواین آئی
ابوظہبی// متحدہ عرب امارات کی جانب سے گولڈن اقامہ ہولڈرز کی سہولت کے لیے نئی قونصلر خدمات متعارف کرادی گئی ہیں جو اس سے قبل اماراتی شہریوں کیلئے مخصوص تھیں۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اماراتی وزارت خارجہ اور فیڈرل اتھارٹی برائے شناحت، شہریت، کسٹم اور پورٹ سکیورٹی نے نئی سروسز کا آغاز کردیا ہے۔رپورٹس کے مطابق گلوبل جیٹکس 2025 نمائش کے 45 ویں ایڈیشن کے موقع پر اماراتی گولڈن اقامہ ہولڈرز کے لیے نئے اقدام کا اعلان کیا گیا۔اماراتی شہریوں کی طرح گولڈن اقامہ ہولڈرز کے لیے بھی بیرون ملک موجودگی کے دوران ہنگامی صورتحال پر مدد کے لیے ہاٹ لائن سروس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ خصوصی نمبر اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مدد تک کسی بھی وقت رابطہ کیا جاسکتا ہے۔اماراتی گولڈن اقامہ ہولڈر یا ان کے اہل خانہ پاسپورٹ تلف یا گم ہو نے کی صورت میں رابطہ کرسکتے ہیں انہیں مکمل مدد فراہم کی جائے گی۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مشہور شخصیات اور قومی علامتوں کی آرٹیفیشل انٹیلجنس (اے آئی) کے ذریعے بغیر اجازت کے تصویر کشی کرنا غیر قانونی قرار دے دیا گیا۔اماراتی میڈیا کونسل نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بغیر اجازت کے اے آئی کی مدد سے مشہور شخصیات اور قومی علامتوں کی تصویر کشی کرنا اور گمراہ کن معلومات پھیلانا قانون کی خلاف ورزی میں شمار ہوگا۔رپورٹس کے مطابق انتباہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسی سرگرمیاں ناصرف پیشہ ورانہ اور اخلاقی ذمے داری کی خلاف ورزی ہیں بلکہ اماراتی میڈیا قوانین کے تحت قانونی کارروائی اور بھاری جرمانے کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔عوام کو خبردار کرتے ہوئے اماراتی میڈیا کونسل کا کہنا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلجنس کی مدد سے کسی کی شناخت متاثر نہ کریں۔