یو این آئی
نئی دہلی//نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے جمعرات کو ثبوت پر مبنی تصدیق، ڈیجیٹائزیشن، ترجمہ اور قدیم متون کے کثیر الشعبہ مطالعہ پر زور دیا اور کہا کہ اس علم کو اگلی نسلوں تک پہنچایا جانا چاہیے۔گوا کی راجدھانی میں مہارشی سشروتا اور مہارشی چرک کے مجسموں کی نقاب کشائی کرتے ہوئے دھنکھر نے کہا کہ ثبوت پر مبنی تصدیق، ڈیجیٹائزیشن، قدیم تحریروں کے ترجمہ اور انہیں جدید سیاق و سباق میں مفید بنانے کے لیے تحقیق اور اختراع کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ “ہم ایک مختلف قسم کی قوم ہیں۔ ہم اپنی جڑوں کو دوبارہ دریافت کر رہے ہیں اور ان میں مضبوطی سے قائم ہو رہے ہیں۔ میں متبادل ادویات پر خصوصی زور دیتا ہوں کیونکہ ہندوستان اس کی جائے پیدائش ہے، یہ آج بھی وسیع پیمانے پر رائج ہے۔ ہمارے قدیم صحیفے صرف لائبریری کے شیلفوں کے لیے نہیں ہیں۔ یہ ابدی نظریات ہیں اور جدید سائنسی آلات کی مدد سے ان کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔”انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ویدوں، اپنشدوں، پرانوں اور تاریخ کا جائزہ لیا جائے اور بچوں کو پیدائش سے ہی ہماری تہذیب کی گہرائی سے آگاہ کیا جائے۔نائب صدر نے کہاکہ “کچھ طبقوں میں یہ رجحان ہے کہ ‘ہندوستانی یا قدیم کچھ پسماندہ ہے۔’ یہ ذہنیت اب جدید ہندوستان میں قابل قبول نہیں ہے۔ دنیا ہمارے قدیم نظام کی اہمیت کو تسلیم کر رہی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ہم بھی اسے تسلیم کریں۔ یہ تصور کہ صرف مغرب ترقی پسند ہے، اب فیشن سے باہر ہو جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سیکڑوں سال پہلے ہندوستان میں تین سو سے زیادہ سرجیکل آپریشن، پلاسٹک سرجری، ہڈیوں کا علاج اور یہاں تک کہ سیزرین ڈیلیوری بھی کی جاتی تھی۔ سشروتا کی تحریریں نہ صرف اناٹومی کی عکاسی کرتی ہیں بلکہ سائنسی سوچ، درستگی کے اعلی معیار، تربیت، حفظان صحت اور مریضوں کی دیکھ بھال کا خاکہ بھی پیش کرتی ہیں۔