سرینگر//نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی پر منافقت اور بے شرمی کی حد سے گذرجانے کا الزام لگاتے ہوئے عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے کہا ہے کہ دونوں علاقائی پارٹیوں نے پہلے ہی کی طرح اب کی بار بھی معصوم بچی کو انصاف دلانے کے حوالے سے قوم کو مایوس کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بدترین سانحہ کے پیش آتے ہی اس میں کارروائی ہونی چاہیئے تھی کیونکہ نہ صرف یہ سانحہ انتہائی بدترین اور دہلادینے والا تھا بلکہ اس میں کارروائی کرنا ریاستی سرکار کے اپنے دائرہ اختیار میں تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اور پی ڈی پی لیڈر نعیم اختر کا معاملے کو اجاگر کرنے کیلئے بھارتی میڈیا کا شکریہ بجالانا توہین آمیز معلوم ہوتا ہے کیونکہ نہ صرف یہ کہ اس میڈیا نے تین طویل مہینوں تک خاموشی اختیار کر رکھی بلکہ خود نعیم اختر کی پارٹی بی جے پی کے دباؤ تلے جھکی رہی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کو یہ بات یاد دلانے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے کہ یہ اسکی صدر محبوبہ مفتی ہی ہیں کہ جو مخلوط سرکار کی قائد اور وزیر اعلیٰ ہیں لہٰذا انہیں معاملے میں دو وزیروں کا نام آتے ہی انہیں نکال باہر کردینا چاہیئے تھا۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ حالات سے مجبور ہوکر دو وزراء نے استعفیٰ دیا ہے اس میں محبوبہ مفتی یا پی ڈی پی کا کوئی رول نہیں ہے۔