مایاوتی اگلی وزیراعظم:نٹورسنگھ

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
الور//سابق وزیر خارجہ اور کانگریس کے سابق قدآور لیڈر رہے کنور نٹور سنگھ نے لوک سبھا انتخابات میں عظیم اتحاد کی جیت یقینی بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کی اگلی وزیراعظم بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)کی صدر مایاوتی ہوں گی۔مسٹر سنگھ نے آج رام گڑھ اسمبلی سیٹ سے بی ایس پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے اپنے بیٹے جگت سنگھ کی انتخابی تشہیر کے دوران نامہ گاروں سے کہا کہ محترمہ مایاوتی کے ستارے بلند ہیں اور اترپردیش سے ہی ملک کی سیاست چلتی ہے ،اس لئے یقینی طورپر مایا وتی وزیراعظم بن سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سے عظیم اتحاد وجود میں آیا ہے ،اس سے واضح ہے کہ عظیم اتحاد کی جیت یقینی ہوگی۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)حالانکہ سب سے بڑی پارٹی ہوگی لیکن اسے اکثریت نہیں ملے گی۔کانگریس کے مستقبل کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی کو ابھی بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے ،اس لئے کانگریس کا مستقبل بھی زیادہ روشن نہیں ہے ،44سیٹوں سے بڑھ کر زیادہ سے زیادہ80سیٹیں ہوسکتی ہیں،کانگریس اس سے زیادہ کچھ حاصل نہیں کرپائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر میں کانگریس کا صلاح کار ہوتا تو راہل گاندھی کو سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کا پرچہ پھاڑنے نہیں دیتا اور جس طرح مسٹر گاندھی وزیراعظم کے بارے میں ‘چوکیدار چور ہے ’جیسے الفاظ استعمال کررہے ہیں،میں انہیں ایسا کہنے نہیں دیتا۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ اس سے کانگریس کے قومی صدر کا وقار کم ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محترمہ سونیا گاندھی جی کی قیادت میں کانگریس متحد رہی تھی،لیکن ان کے بعد کانگریس کے ٹکڑے ہونا ممکن ہے ۔انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی خارجہ پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب تک کوئی پختہ نتیجہ نہیں آیا ہے اور تین ریاستوں کے انتخابات میں ہار کا سامنا کرنے کے بعد ان کی شبیہ خراب ہوگئی ہے ۔ریاست میں حکومت کرنا الگ بات ہے اور ملک پر حکومت کرنا الگ ہے ۔اس لئے ملک پر حکومت کرنے والی مرکزی سرکاری کی خارجہ پالیسی اور ڈپلومیسی میں ہم آہنگی ہونی چاہئے ۔مسٹرسنگھ نے کہا کہ آزادی کے وقت 51ملک تھے ،لیکن اب ان کی تعداد 193ہوگئی ہے ،اور جیسے جیسے تعداد بڑھتی گئی ان کے گروپ بھی بنتے گئے اور گروپ بندی بھی بڑھی ہے ۔ایسے میں سبھی ملکوں کے ساتھ خارجہ پالیسی اور ڈپلومیسی الگ الگ طریقے سے اپنائی جانی چاہئے ۔انہوں نے ملک کی اقتصادی حالت بہتر بتاتے ہوئے کہا کہ اگر خارجہ پالیسی صحیح نہیں رہی تو اس کی بھی حالت بگڑ سکتی ہے ۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ راجستھان میں کانگریس کی حکومت بھلے ہی بن گئی ہو،لیکن وزیراعلی اشوک گہلوت اور نائب وزیراعلی سچن پائلٹ ایک دوسرے کے شدید مخالف لیڈر ہیں،لہذا اس حکومت کا مستقبل زیادہ روشن نہیں ہے ۔یواین آئی۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *