پھر پیام حق سنانے ماہ رمضاں آگیا
Contents
راستہ رب کا دکھانے ماہ رمضاں آگیا
آگ دوزخ کی بجھانے ماہ رمضان آگیا
باغ جنت کے سجانے ماہ رمضاں آگیا
کوئی روزہ ہم بھی کھولیں شہر آقا میں کہیں
خواب آنکھوں میں بسانے ماہ رمضاں آگیا
نیکیوں کا آگیا موسم ' کھلے دل کے گلاب
درد و غم دل سے مٹانے ماہ رمضاں آگیا
فکر دنیا میں مسلماں کھو گئے ہیں ہر طرف
روز و شب قرآں سنانے ماہ رمضاں آگیا
لوٹ آئی پھر سے رونق مسجدوں میں ہر طرف
خانقاہوں میں بلانے ماہ رمضاں آگیا
کھل نہیں پائے دریچے سال بھر فردوس کے
بند دروازے کُھلانے ماہ رمضاں آگیا
اشرف عادل ؔ
کشمیر یونیورسٹی حضرت بل ،سرینگر کشمیر
رابطہ 9906540315…
مبارک مہینہ
ہو گیا مہینہ مُبارک پھِر شروع رمضان کا
خیر مقدم اِس کا کرنا فرض ہے اِنسان کا
اہلِ قرآں اِس کو کہہ دو یک زباں خوش آمدید
تیس دِن دیدار کر لو آپ اِس مہمان کا
فیض سے اِس کے ہوئی ہے اُمّت یک قلب
بس یہی خاصہ ہے مانو دوستو رمضان کا
ہو تفاوت جِس سے پیدا اور ہو باہم تضاد
جان کر پھِر کیوں کریں ہم فعلِ بد شیطان کا
اِس مُبارک ماہ میں تُو نفسِ امارہ کو مار
ہے عبادت کا مہینہ اور ہے گُن گان کا
روزہ دارو روزہ رکھنا فرض ہے اِسلام میں
بخل کرنا فرض سے ہے کارِ بد حیوان کا
بعدِ سحری مسجدوں سے جب بلند ہوتی اذاں
خوب رُو ہوتا ہے تب کیا آئینہ ایمان کا
غیر مُسلم ہو کے بھی مُجھ کو ہے اِس کا احترام
معتقد عُشّاقؔ مانو ہوں میں اِس کی شان کا
جگدیش راج رانا(عُشّاق ؔکِشتواڑی)
صدر انجُمن ترقٔی اُردو (ہند) شاخ کِشتواڑ
رابطہ؛9697524469
تحفہ
رحمت کا دریا ہے یہ رمضاں کا مہینہ
قدرت کا عجب تحفہ ہے رمضاں کا مہینہ
جائیں کہاں ہر راہ میں کانٹے ہیں، خار ہیں
بس آسرا جو ہے تو ہے رمضاں کا مہینہ
سر تا پا سیاہ کاری میں گذری ہے جوانی!!
خوش بخت ہوں پایا ہے اب رمضاں کا مہینہ
اک سمت نظر اپنی گناہوںپہ ہے میری
اک سمت بلاتا ہے یہ رمضاں کامہینہ
ہو تم کو مبارک یہ مہینہ میرے شاہیںؔ
راس آیا ہے ہم سب کو یہ رمضاں کا مہینہ
شاہین مقبول
بچھوارہ، سرینگر
موبائل نمبر9797236518